Sunday , September 23 2018
Home / Top Stories / بیک وقت انتخابات کے انعقاد پر وسیع تر غور کا مشورہ

بیک وقت انتخابات کے انعقاد پر وسیع تر غور کا مشورہ

NEW DELHI, JUNE 17 (UNI):- Prime Minister Narendra Modi chairing the fourth meeting of the Governing Council of NITI Aayog, in New Delhi on Sunday. UNI PHOTO-9U

وزیراعظم نریندر مودی کا نیتی آیوگ کے اجلاس سے خطاب ‘ گورننگ کونسل کے چوتھے اجلاس کا آغاز
نئی دہلی ۔ 17جون ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی نے آج بیک وقت لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں کے انتخابات کے انعقاد پر وسیع تر غور کا مشورہ دیا اور کہا کہ اس کے نتیجہ میں مالیہ کے بچت ہوگی ۔ نریندر مودی نیتی آیوگ کی گورننگ کونسل کے چوتھے اجلاس سے خطاب کررہے تھے جس میں تقریباً تمام ریاستوں کے چیف منسٹرس نے شرکت کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت اُس بات پر غور کررہی ہے کہ تمام انتخابات بیک وقت منعقد کئے جائیں ۔ وزیراعظم نے گورننگ کونسل کو مشورہ دیا کہ اس مسئلہ پر وسیع تر مباحث اور مشاورت منعقد کی جائے تاکہ لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں کے انتخابات بیک وقت منعقد کئے جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں تمام پہلوؤں کو پیش نظر رکھنا چاہیئے کیونکہ رائے دہی کے بیک وقت انعقاد سے مالی بچت ہوگی اور اس کے نتیجہ میں وسائل کا بہتر استعمال ممکن ہوسکے گا ۔ نیتی آیوگ نے گذشتہ سال تجویز پیش کی تھی کہ لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات 2024ء سے ہم آہنگی کے ساتھ منعقد کئے جائیں تاکہ مالی بچت ممکن ہوسکے ۔ اقل ترین انتخابی مہم کی وجہ سے سرکاری کام کاج میں بھی خلل اندازی پیدا نہیں ہوگی ۔ اجلاس میں اختتامی تقریر کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہا کہ زرعی شعبہ میں کارپوریٹ سرمایہ کاری ہندوستان میں بہت کم ہے ۔

انہوں نے ریاستی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ صنعت کو زرعی شعبہ میں شراکت داری کی ترغیب دینے کیلئے کمیٹیاں قائم کریں ۔ معیشت کے مختلف پہلوؤں پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دنیا توقع کرتی ہے کہ ہماری معیشت جلد ہی پانچ کھرب امریکی ڈالر مالیتی ہوجائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستوں کو فینانس کمیشن کے تازہ نظریات کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیئے تاکہ نتیجہ خیز سرمایہ کاری کی جاسکے اور اخراجات پر نظرثانی کی جائے ۔ دریں اثناء نیتی آیوگ کی گورننگ کونسل کا چوتھا اجلاس آج شروع ہوا جس کا اہم موضوع گفتگو کاشتکاروں کی آمدنی کو دوگنی کردینا اور حکومت کے بیک وقت انتخابات کی تجویز پر پیشرفت کرنا ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی اجلاس کی صدارت کررہے ہیں جو راشٹراپتی بھون میں منعقد کیا جارہا ہے ۔ وزیراعظم نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے حکومت کی بیک وقت لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات کے انعقاد پر وسیع تر مباحث کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے گذشتہ سال حکومت کی ترقیاتی ایجنڈہ پر پیشرفت کا جائزہ بھی لیا ۔ گورننگ کونسل نیتی آیوگ کی سب سے اعلیٰ تنظیم ہے ۔ آج کے اجلاس میں تقریباً تمام ریاستوں کے چیف منسٹرس اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کے لیفٹننٹ گورنرس نے شرکت کی ۔ اس موقع پر کئی مرکزی وزراء اور سینئر سرکاری عہدیدار بھی موجود تھے ۔ چیف منسٹرمغربی بنگال ممتابنرجی ‘ آندھراپردیش کے چندرا بابو نائیڈو ‘ کیرالا کے پی وجین‘ کرناٹک ایچ ڈی کمارا سوامی کے علاوہ راجستھان کی وسندھرا راجے اور یو پی کے یوگی آدتیہ ناتھ نے شرکت کی ۔ مرکزی وزراء میں جے پی ندا اور نتن گڈکری شامل تھے ۔

TOPPOPULARRECENT