Wednesday , November 22 2017
Home / سیاسیات / بی ایس پی پارٹی کے فنڈ کی جانچ ہو: پاسوان

بی ایس پی پارٹی کے فنڈ کی جانچ ہو: پاسوان

نئی دہلی۔27 ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام)  لوک جن شکتی پارٹی کے سربراہ اور خوراک، سپلائی اور صارفین امور کے مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان نے نوٹوں کی منسوخی کے بعد بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے بینک اکاؤنٹ میں 104 کروڑ روپے جمع کئے جانے کی تحقیقات کرانے کا مطالبہ ہے ۔ مسٹر پاسوان نے آج یہاں صحافیوں سے کہا کہ بی ایس پی سربراہ مایاوتی خود کو دلت کی بیٹی کہہ کر دلتوں کی توہین کر رہی ہیں۔ دلت کی بیٹی ہونے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ انہیں چوری کرنے کا لائسنس مل گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دلتوں کے پاس اتنا پیسہ نہیں ہے کہ وہ نوٹوں کی منسوخی کے ایک ہفتے کے اندر بی ایس پی کو 104 کروڑ روپے کا چندہ دے دیں۔ ایل جے پی سربراہ نے کہا کہ بی ایس پی کے پارٹی فنڈ میں 104 کروڑ روپے جمع ہونے کی اطلاع سامنے آنے سے اس کا محض ایک باب کھلا ہے ۔ اگر انتخابات میں ٹکٹ حاصل کرنے کے لئے بھی لوگوں نے پیسے دیئے ہیں تو یہ بھی ایک جرم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نوٹوں کی منسوخی کے بعد سے تمام پارٹیوں کو یہ خدشہ تھا کہ اس کا سب سے برا اثر بی ایس پی پر پڑیگا اور اب یہ ثابت بھی ہو رہا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT