بی جے پی اور جنتادل ایس میں ساز بازسے انتخابی شکست: دھرم سنگھ

بیدر ۔ 27 ۔ مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شری دھرم سنگھ کانگریسی امیدوار حلقہ لوک سبھا بیدر نے کہا ہے کہ حالیہ پارلیمانی الیکشن میں ان کی ناکامی بی جے پی اور جنتا دل (ایس) میں خفیہ مفاہمت کا نتیجہ رہی، موصوف اپنی قیامگاہ بیدر پر ایک پریس کانفرنس کو مخاطب کر رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ جنتا دل ایس کے قومی صدر ایچ ڈی دیوے گوڑا نے بی جے پی کے ساتھ ایک خفیہ معاہدہ کیا اور ایک سازش کے تحت شکست دی گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع بیدر جنتا دل ایس کے مقامی لیڈرس نے بھی اس الیکشن میں کھل کر بی جے پی کا کام کیا ۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ حسب سابق وہ ض لع بیدر کی عوام کی خدمت انجام دیت رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جیورگی یا بنگلور جانے کا ان کا ہرگز کوئی ارادہ نہیں ہے۔ بیدر میں ہی رہتے ہوئے وہ اپنے عوامی خدمات کو انجام دیتے رہیں گے ۔

جہاں تک ان کی شکست کا تعلق ہے وہ عوام کے اس فیصلہ کو قبول کرتے ہیں۔ اپنے دور اقتدار میں انجام دیئے گئے چند مثالی اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ضلع بیدر کیلئے میڈیکل کالج کی منظوری علا قہ حیدرآباد کرناٹک کیلئے 371 میں ترمیم بیدر، سری رنگا پٹن قومی شاہراہ کی تعمیر مولانا ابوالکلام آزاد یونیورسٹی کا سنگ بنیاد اردو میں ووٹر لسٹ کی اشاعت بیدر حیدرآباد اور بیدر بنگلور ٹرین کا آغاز وغیرہ کے باوجود صلع بیدر کی عوام نے انہیں شکست دی ہے ۔ تاہم عوام کا اس فیصلہ کا وہ خیر مقدم کرتے ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں دھرم سنگھ نے ریاستی سرکار کی کارکردگی کو بہتر قرار دیتے ہوئے اطمینان بحش قرار دیا ۔

ولیج ریونیو آفیسر رشوت لیتے ہوئے گرفتار
حیدرآباد ۔ 27 ۔ مئی (پریس نوٹ) اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداروں نے ولیج ریونیو آفیسر اندارم ولیج ، جئے پور منڈل ضلع عادل آباد کو اپنے گھر میں رشوت لیتے ہوئے پکڑلیا۔ تفصیلات کے بموجب ولیج ریونیو آفیسر نے شکایت کنندہ سے پانچ ہزار رشوت طلب اور قبول کی تھی ۔ رشوت میں دی گئی رقم اس کے پاس سے برآمد کرلی گئی ۔ ولیج ریونیو آفیسر کو گرفتار کرلیا گیا اور سیکنڈ ایڈیشنل اسپیشل جج برائے ایس پی ای اینڈ اے سی بی کیسس حیدرآباد کے روبرو پیش کیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT