Wednesday , September 26 2018
Home / اضلاع کی خبریں / بی جے پی اور کانگریس سے یکساں دوری

بی جے پی اور کانگریس سے یکساں دوری

لوک آیوکت معاملہ سے ہٹ کر جنتادل سیکولر کا کسی سے اتحاد نہیں: دیوے گوڑا

لوک آیوکت معاملہ سے ہٹ کر جنتادل سیکولر کا کسی سے اتحاد نہیں: دیوے گوڑا
کلبرگی 5جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جنتا دل کے سپریمو اورسابق وزیر اعظم مسٹر ایچ ڈی دیوے گوڑا نے یہاںجمعہ کے دن میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جیسا کہ بعض حلقوںکی جانب سے اس طرح کی افواہیں پھیلائی جارہی ہیںکہ جنتا دل سیکولر بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ اتحاد کرنے کی تیاریوں میں ہے ، یہ بات بالکل غلط ہے ۔ مسٹر گوڑا نے کہا کہ حال ہی میں جنتا دل سیکولر نے جس معاملہ میں بی جے پی کے ساتھ اتحاد کیا ہے وہ صرف کرناٹک لوک آیوکتا کو عہدہ سے ہٹانے کے معاملہ سے تعلق رکھتا ہے ۔ کیونکہ لوک آیوکتا کو نہایت سنگین الزامات کا سامنا ہے ۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ اس معاملہ سے ہٹ کر جنتا دل سیکولر کا بی جے سے کوئی انتخابی اتحاد یا اور کسی قسم کا اتحاد نہیں ہے ۔ انھوں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے انکی حالیہ ملاقات کے بارے میں کہا کہ مسٹر مودی نے سابق وزراء اعظم سے ملاقاتوں کا ایک سلسلہ شروع کررکھا ہے ، اسی ضمن میںوہ خود بھی بات چیت کے لئے مدعو کئے گئے تھے ۔ چونکہ اس وقت تک للت مودی کا اسکیام شروع نہیںہوا تھا تو اسی مناسبت سے انھوں نے بدعنوانیوںسے پاک حکومت چلانے کے لئے نریندر مودی کو مبارک باد دی تھی ۔ اس کے معنی نہیںہوئے کہ میں بی جے پی کی جانب جھکتا جارہا ہوں ۔ مسٹر دیوے گوڑا نے کہا کہ جنتا دل سیکولر اپنے سابق موقف کو برقرار رکھتے ہوئے کانگریس اور بی جے پی دونوںمیں سے کسی سے بھی اتحاد نہیں کرے گی اور دونوںجماعتوںکا ساتھ مساوی دوری قائم رکھے گی ۔ لوک آیوکت کے ادارہ میںبڑے پیمانہ کی بدعنوانیوں کے ضمن میں مسٹر دیوے گوڑا نے مطالبہ کیا کہ اس معاملہ کی سی بی آئی کے ذریعہ جانچ کروائی جانی چاہئے ۔ انھوںنے کہا معاملہ کی تحقیق نہایت غیر جانبداری سے ہونی چاہئے ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے معاملہ کی تحقیق کیلئے جو کمیٹی تشکیل دی گئی ہے وہ مقصد پر پورا نہیں اترے گی کیونکہ اس کمیٹی کو ریاستی چیف منسٹر اور دیگر برسر اقتدار حضرات کے احکامات کی تعمیل کرنی پڑتی ہے۔ سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا کی صحافتی کانفرنس میںصدر ضلعی جنتا دل سیکولربسوراج تڑکل ، جنتا دل سیکولر لیڈر فراست حسین استاد اور سید ظفر حسین نائب صدر ضلعی جنتا دل سیکولر موجود تھے ۔

TOPPOPULARRECENT