Thursday , January 18 2018
Home / شہر کی خبریں / بی جے پی اور کانگریس کی ناراضگی خاندان کا داخلی معاملہ

بی جے پی اور کانگریس کی ناراضگی خاندان کا داخلی معاملہ

دہلی میں ای ایس ایل نرسمہن کا ریمارک ، تنازعہ پر تبصرہ سے گریز
حیدرآباد۔9۔جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ اور آندھراپردیش کے گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے کانگریس اور بی جے پی قائدین کی جانب سے ان کے خلاف بیان بازی پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا ۔ نئی دہلی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ای ایس ایل نرسمہن نے کہا کہ یہ ایک خاندان کا اندرونی معاملہ ہے اور وہ اس بارے میں کچھ کرنا نہیں چاہتے۔ واضح رہے کہ آندھراپردیش کے بی جے پی قائدین اور تلنگانہ کے کانگریس قائدین نے حالیہ عرصہ میں نرسمہن کے خلاف بیان بازی میں شدت پیدا کردی ہے۔ آندھراپردیش کے بی جے پی قائدین کو شکایت ہے کہ نرسمہن دونوں ریاستوں سے یکساں سلوک کرنے کے بجائے تلنگانہ حق میں کام کر رہے ہیں جبکہ آندھراپردیش سے ناانصافی کی جارہی ہے۔ تلنگانہ کانگریس قائدین کے وفد سے ملاقات کے دوران گزشتہ دنوں نرسمہن اور کانگریس قائدین میں تکرار ہوگئی تھی، جس کے بعد کانگریس نے نرسمہن کو کے سی آر کی کٹھ پتلی قرار دیا۔ اس طرح ای ایس ایل نرسمہن مرکز کی برسر اقتدار پارٹی کے قائدین کے نشانہ پر ہے۔ ان کے دورہ دہلی کے دوران توقع ہے کہ وہ وزیراعطم نریندر مودی اور مرکزی قائدین کو اس صورتحال سے واقف کرائیں گے۔ نرسمہن نے نئی دہلی میں مرکزی وزارت داخلہ کے عہدیداروں سے ملاقات کی اور تنظیم جدید قانون کے زیر التواء امور پر بات چیت کی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے ان کی ملاقات خیر سگالی تھی۔

TOPPOPULARRECENT