Monday , December 18 2017
Home / سیاسیات / بی جے پی اڈیشہ میں بھی اقتدار کیلئے کوشاں: وینکیا نائیڈو

بی جے پی اڈیشہ میں بھی اقتدار کیلئے کوشاں: وینکیا نائیڈو

بھونیشور 15اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) سینئر بی جے پی لیڈر و مرکزی وزیر وینکیا نائیڈو نے آج کہاکہ اُن کی پارٹی جس نے اڈیشہ کے حالیہ دیہی انتخابات میں اچھا مظاہرہ کیا، آئندہ الیکشن میں ریاست میں برسر اقتدار آنے کی کوشش کرے گی۔ نائیڈو جو یہاں بی جے پی قومی عاملہ اجلاس میں شرکت کے لئے آئے ہیں، اُنھوں نے اخباری نمائندوں سے بات چیت میں کہاکہ ہم 2019 ء میں جب اڈیشہ میں اسمبلی چناؤ ہونے ہیں، برسر اقتدار آنے کی کوشش کریں گے۔ اڈیشہ میں حالیہ پنچایت انتخابات میں بی جے پی نے 297 ضلع پریشد نشستیں حاصل کئے جبکہ اصل اپوزیشن پارٹی کانگریس نے محض 60 ضلع پریشد سیٹوں پر کامیابی پائی۔ تاہم برسر اقتدار بی جے ڈی نے 473 ضلع پریشد نشستوں کے ساتھ اپنی اجارہ داری برقرار رکھی ہے۔ دریں اثناء بی جے پی قومی عاملہ میٹنگ آج صبح یہاں شروع ہو گئی۔بھونیشور کے جنتا میدان میں بنائے گئے پنڈال میں صبح 11 بجے پارٹی صدر امیت شاہ نے شمع روشن کرکے اجلاس کا آغاز کیا۔ اس اجلاس میں مرکزی حکومت میں پارٹی کے وزیر، پارٹی کے نائب صدور، سکریٹری جنرل ، سکریٹری، ریاستی صدور، صوبائی کمیٹی کے سکریٹری اور دیگر عاملہ کے رکن موجود تھے ۔اس میٹنگ میں وزیر اعظم نریندر مودی بھی شرکت کریں گے ۔ شہر کو اس میگا  ایونٹ کے لئے دلہن کی طرح سجایا گیا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ امیت شاہ نے گزشتہ روز جنرل سکریٹریز کی میٹنگ میں قومی مجلس عاملہ کے ایجنڈہ کو حتمی شکل دی۔ مجلس عاملہ کے اجلاس میں تین قراردادیں پیش کئے جانے کا امکان ہے جو سیاسی، اقتصادی اور موجودہ حالات پر مبنی پر ہوسکتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT