Tuesday , June 19 2018
Home / Top Stories / بی جے پی حلیفوں کیساتھ کرناٹک کا ماحول بگاڑنے کوشاں

بی جے پی حلیفوں کیساتھ کرناٹک کا ماحول بگاڑنے کوشاں

اسمبلی چناؤ میں شکست کے آثار سے بی جے پی کی بوکھلاہٹ آشکار
صدر کانگریس راہول گاندھی کا عنقریب دورہ کرناٹک: وینو گوپال
نئی دہلی ۔ 11 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کواعتماد ہیکہ وہ کرناٹک میں آنے والے اسمبلی انتخابات میں اپنااقتدار برقرار رکھے گی۔ ریاست کے انچارج اے آئی سی سی جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال نے کہا ہیکہ گجرات میں حالیہ اسمبلی چناؤ میں بی جے پی کو سخت چیلنج پیش کرنے کے بعد پارٹی کا حوصلہ بلند ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کو اگرچہ ہماچل پردیش میں شکست ہوئی لیکن راہول گاندھی کی قیادت میں پارٹی نے گجرات میں زبردست مسابقت کی اور (وزیراعظم ) نریندر مودی اور (صدر بی جے پی ) امیت شاہ کو ان کی آبائی ریاست میں مضطرب کردیا۔ وینو گوپال نے کہا کہ سینئر قائدین کی میٹنگ میں کانگریس کی انتخابی مہم کیلئے تفصیلی لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا اور یہ میٹنگ 13 جنوری کو دہلی میں راہول کی صدارت میں منعقد ہوگی۔ کرناٹک کے اجلاس میں کہا کہ اسمبلی چناؤ میں راہول بھرپور حصہ لیں گے اور محاذ پر پیش پیش رہتے ہوئے انتخابی مہم کی قیادت کریں گے۔ انہوں نے بی جے پی کے تعلق سے کہا کہ وہ منتشر پارٹی ہے اور اسی طرح اقتدار پرواپسی کیلئے کوشاں ہیں۔ اس سلسلہ میں وہ کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی اور اس کے حلیف کرناٹک میں پرامن ماحول کو فرقہ وارانہ رنگ دیتے ہوئے بگاڑنے کی کوشش کررہے ہیں اور آنے والے دنوں میں اس میں شدت پیدا ہوسکتی ہے۔ اپوزیشن بی جے پی کی جانب سے کانگریس پر مختلف الزامات کے جواب میں وینو گوپال نے کہا کہ ٹیپو جینتی کے بارے میں بی ایس یدی یورپا زیرقیادت ریاستی بی جے پی کی باتیں بے بنیاد ہیں۔ کرناٹک میں کانگریس اس دور سے ٹیپوجینتی کا اہتمام کرتی آئی ہے جب سدارامیا برسراقتدار نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ سدارامیا حکومت سے عوام کی اکثریت مطمئن ہے جس کی وجہ سے بی جے پی کو شکست کے آثار نظر آرہے ہیں اور وہ اپنی ساکھ بچانے کیلئے تخریبی اقدامات کررہے ہیں۔ جے ڈی ایس کے تعلق سے پوچھنے پر اے آئی سی سی جنرل سکریٹری نے کہا کہ سب پر واضح ہیکہ جے ڈی ایس، بی جے پی کی مدد پر آمادہ ہے۔ مخالف بی جے پی گوشوں کو تقسیم کرنے کے مقصد سے جے ڈی ایس نے بی جے پی سے کہیں زیادہ کانگریس کو نشانہ بنانے پر توجہ مرکوز کررکھی ہے۔

TOPPOPULARRECENT