Friday , February 23 2018
Home / شہر کی خبریں / بی جے پی حکومت پر تاریخ کو مسخ کرنے کا الزام : اتم کمار ریڈی

بی جے پی حکومت پر تاریخ کو مسخ کرنے کا الزام : اتم کمار ریڈی

حیدرآباد 19 نومبر (سیاست نیوز) سابق وزیراعظم اندرا گاندھی کو اُن کی یوم پیدائش پر بھرپور خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن این اتم کمار ریڈی نے بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے حکومت پر تاریخ کو مسخ کرنے اور ملک کے لئے نہرو ۔ گاندھی خاندان کی خدمات کو فراموش کرنے کا الزام عائد کیا۔ گاندھی بھون میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اُنھوں نے ملک کے لئے آنجہانی اندرا گاندھی کی خدمات کا تذکرہ کیا اور کہاکہ اندرا گاندھی کے تمام فیصلے نظریہ اور عہد پر مبنی ہوتے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ اندرا گاندھی کے دور میں ہندوستان نے سوپر پاور بننے کا سفر شروع کیا۔ اُنھوں نے غریب عوام کی بہبود، کمزور طبقات کو بااختیار بنانے، صنعتی ترقی، غذائی تحفظ اور ملک کے دشمنوں سے آہنی پنجہ سے نمٹنے کا کام شروع کیا تھا۔ آج ہندوستان کا شمار دنیا کی بڑی معیشتوں میں ہوتا ہے، اس کی اہم وجہ یہی ہے کہ اندرا گاندھی نے جو پالیسیاں متعارف کیں اُن پر عمل کیا گیا۔ اتم کمار ریڈی نے تاریخ کو مسخ کرنے اور ملک کی تعمیر و ترقی میں نہرو ۔ گاندھی خاندان کے نمایاں رول کی اہمیت کم کرنے کی کوششوں پر مودی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ اُنھوں نے کہاکہ آئندہ انتخابات میں ملک کے عوام راہول گاندھی کو اپنا وزیراعظم منتخب کریں گے۔ اُنھوں نے بتایا کہ اندرا گاندھی کی یوم پیدائش تقریب سارے تلنگانہ میں بڑے پیمانے پر منعقد کی گئی ہیں۔اس موقع پر پارٹی کے دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا اور اندرا گاندھی کے پورٹریٹ پر پھول چڑھائے

TOPPOPULARRECENT