Tuesday , December 12 2017
Home / Top Stories / بی جے پی سستی تشہیر کی خواہاں ،مایاوتی کا الزام

بی جے پی سستی تشہیر کی خواہاں ،مایاوتی کا الزام

کوتاہیوں کی پردہ پوشی کیلئے نکتہ چینی ، حکومت کے وائیٹ پیپر پر بی ایس پی سربراہ کا ردعمل
لکھنؤ۔ 20 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) بی ایس پی کی صدر مایاوتی نے آج حکومت یوپی کے وائیٹ پیپر (قرطاس ابیض) پر تنقید کرتے ہوئے جو سابقہ حکومتوں کی یوپی میں کارکردگی کے بارے میں ہے، کہا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ برسراقتدار پارٹی سستی شہرت کے لئے کتنا حقیر انداز فکر رکھتی ہے۔ یوگی آدتیہ ناتھ زیرقیادت حکومت کی رپورٹ خود ان کی کوتاہیوں کی پردہ پوشی کی کوشش ہے۔ سابق ریاستی چیف منسٹر نے دعویٰ کیا کہ اقتدار کے 6 ماہ کی تکمیل پر سابق حکومتوں کو نشانہ بناتے ہوئے جاری کردہ وائیٹ پیپر ایک کوشش ہے تاکہ خود کو اچھا اور دوسرا کو برا قرار دیا جائے۔ اس سے نشاندہی ہوتی ہے کہ پارٹی کا انداز فکر سستی تشہیر حاصل کرنے کا ہے۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں جو آج جاری کیا گیا کہا کہ آدتیہ ناتھ کو عوام سے کہنا چاہئے کہ یہ کتنے دن جاری رہے گا اور سابق حکومتوں پر الزام تراشی کے ذریعہ اپنی کوتاہیوں کی پردہ پوشی کی جاتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام اس کو کبھی پسند نہیں کریں گے۔ یوگی جی کو یہ کہنے کی ضرورت ہے کہ کتنے مہینے اور برسوں تک سابقہ حکومتوں پر الزام تراشی کے ذریعہ اپنی کوتاہیوں کی پردہ پوشی کرتے رہیں گے۔ صدر بی ایس پی نے کہا کہ سابق حکومتوں کے بارے میں وائیٹ پیپر جاری کرنے کے بجائے بہتر ہوتا کہ چیف منسٹر آدتیہ ناتھ خود اپنی حکومت کی ’’زبردست ناکامیوں‘‘ کی ایک رپورٹ جاری کرتے۔ مایاوتی نے کہا کہ نریندر مودی مرکزی حکومت کی طرح یوگی حکومت بھی عوامی فلاح و بہبود، ترقی اور نظم و قانون کی صورتحال بہتر بنانے سے قاصر رہی ہے۔ سابقہ حکومتوں پر الزام تراشی عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ واضح ہے کہ بی جے پی حکومتیں ، ملک گیر سطح پر دوسروں کے کارناموں کو خود اپنے کارنامے ظاہر کرتی ہیں۔ انہوں نے حکومت کے اس ادعا کو مسترد کردیا کہ نظم و ضبط کے محاذ پر جرائم میں کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کے عوام خود کو غیرمحفوظ سمجھنے لگے ہیں۔ اگر حکومت کے دعوؤں میں کوئی سچائی ہوتی تو عوام کا احساس کہیں زیادہ بہتر ہوتا لیکن ایسا کہیں بھی نہیں ہے ۔کاشت کاروں کے قرضہ جات کی معافی کے ذریعہ ووٹوں کا حصول تشہیر کا ایک ذریعہ ہے جو حکومت کے اشتہاروں سے ثابت ہوتا ہے جس میں معمولی رقم چیکس تقسیم کئے جارہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT