Sunday , September 23 2018
Home / شہر کی خبریں / بی جے پی قائدین مایوسی کا شکار ، گنگا جمنی تہذیب کو تباہ کرنے کوشاں

بی جے پی قائدین مایوسی کا شکار ، گنگا جمنی تہذیب کو تباہ کرنے کوشاں

چارمینار کے قریب کمیونسٹ ، تنظیم انصاف اور آل انڈیا یوتھ فیڈریشن کا احتجاج

چارمینار کے قریب کمیونسٹ ، تنظیم انصاف اور آل انڈیا یوتھ فیڈریشن کا احتجاج
حیدرآباد ۔ 18 ۔ ستمبر : ( پریس نوٹ ) : کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا ، تنظیم انصاف ، آل انڈیا یوتھ فیڈریشن نے آج یہاں چارمینار نزد بس اسٹانڈ بھارتیہ جنتا پارٹی کے ممبر آف پارلیمنٹ ساکشی مہاراج کے غیر ذمہ دارانہ بیان منافرت پھیلانے کی شر انگیزی کے خلاف احتجاج کیا ۔ اس موقع پر سیکولر شہریوں ، امن پسند عوام فرقہ وارانہ ہم آہنگی پر مکمل ایقان رکھنے والے عوام بشمول خواتین سے خطاب کرتے ہوئے سکریٹری گریٹر حیدرآباد سی پی آئی ڈاکٹر ڈی سدھاکر نے کہا کہ بی جے پی اپنی شرمناک شکست سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی ہے ۔مایوس سیاست دانوں نے اپنی احساس کمتری مستقبل سے مایوس ہو کر مختلف بہانوں کے ذریعہ گنگا جمنی تہذیب فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو تباہ کرنے کی ناپاک کوششوں میں لگے ہوئے ہیں ۔ لیکن انہیں اس ملک میں جمہوری سیکولر نظام میں کبھی کامیابی حاصل نہیں ہوسکتی ۔ اس موقع پر صدر تنظیم انصاف میر احمد علی نے مرکز کو متنبہ کیا کہ وہ ایسی حرکتوں کی حوصلہ افزائی سے باز آجائے ۔ شیخ شمس الدین نائب صدر نے انصاف ہر طرح کی جدوجہد کے ذریعہ ایسے منصوبوں کو ناکام بنانے پر زور دیا ۔ منیر پٹیل جنرل سکریٹری اور دیگر نے مخاطب کیا ۔ محمد حشمت نے احتجاجی پروگراموں کو جاری رکھنے کا اعلان کیا ۔ تنظیم انصاف کے سکریٹری سید حمید الدین نے کہا کہ حق و انصاف کی لڑائی میں انصاف اپنی جدوجہد کو مزید تیز کرے گی ۔ اس موقع پر پولیس نے ساکشی مہاراج کے علامتی پتلے کو نذرآتش کرنے سے قبل کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا ، آل انڈیا یوتھ فیڈریشن ، تنظیم انصاف کے قائدین کو حراست میں لے کر حسینی علم پولیس اسٹیشن میں لے جاکر رہا کردیا ۔ اس پروگرام میں شرکت کرنے والے اہم قائدین میں ڈاکٹر ڈی سدھاکر سکریٹری سی پی آئی گریٹر حیدرآباد کے علاوہ راکیش سنگھ ، سید علی الدین احمد اسد سید سلیم محمد خواجہ محمد خاں ، بی نرسمہا ، محمد کلیم ، جی شیو شنکر ، راجو ، پرکاش ، شوبھا ، فاطمہ ، چندرا موہن ، سریکانت ، مہیندر ، محمد انور وغیرہ شامل ہیں ۔۔

TOPPOPULARRECENT