بی جے پی نے ہندتوا کا راگ الاپنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا

ملک کا ہر طبقہ زعفرانی پارٹی سے چھٹکارہ چاہتا ہے : اجیت سنگھ
مظفرنگر، 15فروری (سیاست ڈاٹ کام) راشٹریہ لوک دل (آر ایل ڈی) صدر چودھری اجیت سنگھ نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو شکست دینے کے لئے یکساں نظریات کی حامل پارٹیوں کے درمیان اتحاد ضروری ہے ۔مسلم -جاٹ فارمولیشن کے لئے مغربی اتر پردیش میں آر ایل ڈی کو مضبوط کرنے کے مقصد سے دو روزہ دورہ پر مظفرنگر آئے مسٹر سنگھ نے نامہ نگاروں سے کہا کہ بی جے پی کے قول اور فعل میں تضاد ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ ہر طبقہ ان کی کارگزاری سے پریشان ہے اور اس پارٹی سے چھٹکارا چاہتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے ملک کی سیاست کو خراب کیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ سال 2013 میں مظفر نگر فسادات میں بی جے پی نے ملک کی سیاست کو بگاڑ دیا تھا۔ اب یہیں سے سیاست میں اصلاح کی جائے گی۔ بی جے پی حکومت کو مرکز میں آئے تقریبا چار سال ہونے کو ہیں اور صرف ہندوتو کا راگ الاپنے کے علاوہ ان لوگوں نے کچھ نہیں کیا ہے ۔مسٹر سنگھ نے کہا کہ بی جے پی کو روکنے کے یکساں نظریات والی سیاسی پارٹیوں کا اتحاد مضبوط متبادل ہے ۔ اگر لوک سبھا انتخابات سے قبل اپوزیشن کا اتحاد ہوا تو ان کا خاتمہ ہو جائے گا۔ریاست کی 80 سیٹوں میں سے بی جے پی کو ایک بھی سیٹ نصیب نہیں ہو پائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ابھی انتخابات میں کافی وقت ہے اور کس پارٹی کا کس کے ساتھ اتحاد ہوگا اس پر ابھی تبصرہ نہیں کیا جا سکتا لیکن یہ یقینی ہے کہ اگر انتخابات سے قبل وقت رہتے اپوزیشن پارٹیوں کا اتحاد ہوا تو بی جے پی کا صفایا ہو جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT