Saturday , September 22 2018
Home / شہر کی خبریں / بی جے پی پر ملک کو ہندو راشٹرا میں تبدیل کرنے کا الزام

بی جے پی پر ملک کو ہندو راشٹرا میں تبدیل کرنے کا الزام

حیدرآباد ۔ 12 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : سکریٹری اے آئی سی سی و رکن راجیہ سبھا مسٹر وی ہنمنت راؤ نے بی جے پی پر ملک کو ہندو راشٹرا میں تبدیل کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے مسلمانوں کو ہندو مذہب قبول کرنے کے لیے مجبور کرنے کی سخت مذمت کی ۔ مسٹر ہنمنت راؤ نے کہا کہ ہندوستان ایک جمہوری اور سیکولر ملک ہے ۔ جہاں پر تمام مذاہب اور طبقات کے لیے یکساں مواقع اور قوانین ہیں ۔ خفیہ ایجنڈا رکھنے والی ہندو توا طاقتیں نریندر مودی کے وزیر اعظم بننے کے بعد ناپاک عزائم کو پورا کرنے کے لیے ملک میں ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان نفرت پیدا کررہی ہے ۔ اور ہندوتوا ایجنڈے کو پروان چڑھانے کی منظم سازش کررہی ہے ۔ جس کی وہ سخت مذمت کرتے ہیں اور فرقہ پرست طاقتوں کے عزائم کو کانگریس پارٹی کبھی کامیاب ہونے نہیں دے گی ۔ انہوں نے اترپردیش میں وشوا ہندوپریشد ، بجرنگ دل ، آر ایس ایس ، اور ہندو جاگرن منچ کی جانب سے مسلمانوں کو زبردستی ہندو مذہب قبول کرنے کے لیے مجبور کرنے کی سخت مذمت کی اور اس کو گھر واپسی کا پروگرام قرار دینے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہندوتوا طاقتوں سے ملک کے سیکولرازم کو خطرہ ہوگیا ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی خاموشی معنی خیز ہے ۔ مسٹر وی ہنمنت راؤ نے مرکزی وزیر اقلیتی امور مسٹر مختار عباس نقوی کی جانب سے ملک کے سیکولرازم کو چکن گنیا ہوجانے کا ریمارک کرنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ چکن گنیا ملک کے سیکولرازم کو نہیں ہوا بلکہ مختار عباس نقوی اور بی جے پی کی سونچ کو ہوگیا ہے ۔ ایک منظم سازش کے تحت ملک کے امن و امان کو بگاڑتے ہوئے بی جے پی سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہی ہے ۔ اس کے لیے ہندوتوا طاقتوں کی خدمات سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے خفیہ ایجنڈے کو پروان چڑھانے کی کوشش کررہی ہے ۔ سادھوی سے تنازعہ شروع ہوا ۔ پھر مسلمانوں کو ہندو بنایا گاے ۔ اب گاندھی جی کے قاتل ناتھورام گوڈسے کی یوم پیدائش بڑے پیمانے پر منانے کی تیاری کررہے ہیں ۔ نریندر مودی ایک طرف گاندھی جی کے خوابوں کی تعبیر کے لیے سوچھ بھارت پروگرام شروع کرنے کا دعویٰ کررہے ہیں تو دوسری طرف گاندھی جی کے قاتل کی یوم پیدائش منانے والوں کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں ۔۔

TOPPOPULARRECENT