Wednesday , December 19 2018

بی جے پی کا پھیلاؤ غبارہ کے مترادف : پنالہ لکشمیا

امیت شاہ کا بیان حقائق سے بعید، صدر تلنگانہ پی سی سی کی پریس کانفرنس

امیت شاہ کا بیان حقائق سے بعید، صدر تلنگانہ پی سی سی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 10 جنوری (سیاست نیوز) صدرتلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا نے بی جے پی کے پھیلاؤ کو غبارے کی مانند قرار دیا۔ بہت جلد تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کی صدارت کیلئے نام دہلی روانہ کرنے کا اعلان کیا۔ آج گاندھی بھون میں مسٹر پنالہ لکشمیا نے صحافیوں سے غیررسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے قومی صدر مسٹر امیت شاہ نے تلنگانہ کا دورہ کرتے ہوئے بلند بانگ دعوے کئے ہیں۔ زمینی حقیقت کچھ اور ہی ہے۔ بی جے پی کا جو پھیلاؤ ہے وہ غبارے کی مانند ہے جو بہت جلد تیزی سے زوال پذیر ہوگی اور کانگریس پر عوام کا اعتماد بحال ہوگا۔ انہوں نے چھتیس گڑھ کے مقامی انتخابات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ لوک سبھا کے انتخابات میں بی جے پی نے بہتر مظاہرہ کیا۔ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کا گراف کم ہوگیا اور مقامی اداروں کے انتخابات میں کانگریس نے شاندار مظاہرہ کیا ہے۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہاکہ 20 تا 22 جنوری آل انڈیا کانگریس کے جنرل سکریٹری و انچارج تلنگانہ کانگریس امور مسٹر ڈگ وجئے سنگھ تلنگانہ کے دورہ پر ہیں۔ پہلے دو دن 20 اور 21 جنوری کوگاندھی بھون میں کانگریس کے سینئر قائدین اور مختلف شعبہ سے تعلق رکھنے والے دانشوروں اور ماہرین کا اجلاس طلب کیا جائے گا۔ ایک گروپ میں 15 قائدین اور دانشوروں کو شامل کرتے ہوئے مختلف موضوعات جیسے کانگریس کی شکست کی وجوہات، دوبارہ عوام میں اعتماد بحال کرنے، پارٹی ڈسپلن، پارٹی اور قائدین کی عوام تک رسائی، دیگر موضوعات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ 22 جنوری کو ڈگ وجئے سنگھ کے بشمول پارٹی کے اہم قائدین اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے وہاں بھی اس طرح کے پیانل سے مذاکرات کریں گے۔ قائدین، دانشوروں اور ماہرین کی تجاویز پر رپورٹ تیار کرتے ہوئے کانگریس ہائی کمان کو روانہ کی جائے گی۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا نے چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کے دورہ ورنگل پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گھر اور قیامگاہ تک محدود رہنے والے چیف منسٹر 7 ماہ بعد نیند سے بیدار ہوئے ورنگل کی ایک سلم بستی میں اتنے مسائل ہیں تو سارے تلنگانہ میں کتنے مسائل ہوں گے اس کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ چیف منسٹر تلنگانہ کی جانب سے حضور نظام پر کانگریس پارٹی کے موقف کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے مسٹر پنالہ لکشمیا نے کہاکہ پارٹی کے قائدین نے اس پر ردعمل کا اظہار کیا۔ جب انہیں بتایا گیا پارٹی ترجمان ملو روی نے نظام کی مخالفت کی ہے جبکہ نائب صدر مسٹر محمد علی شبیر نے نظام کی تائید کی ہے تو صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ وہ دونوں قائدین سے اس مسئلہ پر تبادلہ خیال کرنے کے بعد پارٹی کے موقف سے واقف کرائیں گے۔

TOPPOPULARRECENT