Tuesday , December 11 2018

بی جے پی کیلئے کرناٹک میں مثبت اشارے: امیت شاہ

کٹور ( کرناٹک ) 13 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر کرناٹک سدا رامیا کی جانب سے اسمبلی انتخابات میں اپنے حلقہ انتخاب کو بدلنے کے فیصلے پر بی جے پی صدر امیت شاہ نے کہا کہ یہ پہلی سبقت ہے کہ بی جے پی ریاست میں اسمبلی انتخابات جیتنے والی ہے ۔ بی جے پی صدر نے چیف منسٹر سدارامیا کا نام لئے بغیر کہا کہ جو لوگ پارٹی کو انتخاب جتانے کی بات کر رہے ہیں وہ اب خود اپنا حلقہ بدلنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم کے پہلے مرحلہ میں یہ بی جے پی کیلئے پہلا مثبت اشارہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ریاست میں اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کریگی اور بی ایس ایڈورپا کی قیادت میں حکومت تشکیل دے گی ۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر سدارامیا کی جانب سے میسور میں چامنڈیشوری حلقہ کی بجائے باگلکوٹ میں بدامی حلقہ سے انتخاب لڑنے پر غور کیا جا رہا ہے ۔ سدا رامیا نے ارادہ ظاہر کیا تھا کہ وہ چامنڈیشوری سے ہی انتخاب لڑنا چاہیں گے کیونکہ یہیں سے ان کی سیاسی شروعات ہوئی تھی ۔ وہ پہلی مرتبہ 1983 میں اس حلقہ سے اسمبلی کیلئے منتخب ہوئے تھے ۔ انہوں نے پانچ مرتبہ یہاں سے کامیابی حاصل کی اور دو مرتبہ انہیںشکست ہوئی تھی ۔ امیت شاہ نے کہا کہ چامنڈیشوری حلقہ کے عوام اور غریبوں میں چیف منسٹر کے خلاف برہمی پائی جاتی ہے اور یہ لوگ کانگریس حکومت سے بھی ناراض ہیں کیونکہ حکومت نے ان کی فلاح و بہبود کیلئے کچھ نہیں کیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT