بی جے پی کی چارج شیٹ جھوٹ کا پلندہ، کانگریس کا ردعمل

بنگلورو 2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) برسر اقتدار کانگریس نے آج اپوزیشن بی جے پی کی بنگلورو سے مخصوص ’چارج شیٹ‘ کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیا۔ بی جے پی نے کرناٹک کی کانگریس حکومت کے خلاف متعدد الزامات عائد کرتے ہوئے اُسے ناکام حکومت قرار دیا ہے۔ بنگلورو کی ترقی کے اُمور کے وزیر کے جے جارج نے کہاکہ اپوزیشن پارٹی کی باتیں کوڑے دان میں ڈالنے کے قابل ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ بی جے پی بے بنیاد الزامات عائد کررہی ہے جو اُس کی مایوسی کا نتیجہ ہے کیوں کہ اُنھیں اندازہ ہوچکا ہے کہ ریاست میں 224 نشستوں والے اسمبلی چناؤ کے دوران وہ 55 نشستیں تک جیت نہیں پائیں گے۔ جارج نے یہاں میڈیا سے بات چیت میں کہاکہ بی جے پی کے الزامات میں کچھ سچائی نہیں۔ اسمبلی چناؤ اپریل ؍ مئی میں منعقد شدنی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT