Saturday , January 20 2018
Home / سیاسیات / بی جے پی کے خلاف کانگریس کی الیکشن کمیشن میں شکایت

بی جے پی کے خلاف کانگریس کی الیکشن کمیشن میں شکایت

مودی کی تقریر کا بار بار ٹیلی کاسٹ پیڈ نیوز : غلام نبی آزاد

مودی کی تقریر کا بار بار ٹیلی کاسٹ پیڈ نیوز : غلام نبی آزاد
ممبئی ۔ 13 ۔ اکٹوبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : کانگریس نے آج الیکشن کمیشن میں ایک شکایت درج کروائی ہے جس میں بی جے پی پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی کی امریکہ کے میڈیسن اسکوائر پر کی گئی تقریر کا ایک مراٹھی چینل کے ذریعہ بار بار ٹیلی کاسٹ کررہی ہے ۔ سینئیر کانگریس لیڈر و سابق مرکزی وزیر غلام نبی آزاد نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی توجہ اس جانب مبذول کروائی گئی ہے کہ مراٹھی چینل کے ذریعہ نریندر مودی کی تقریر کا بار بار ٹیلی کاسٹ ’ پیڈ نیوز ‘ کے زمرے میں آتا ہے ۔ اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی اگر امریکہ جاتے ہیں تو وہ بی جے پی کے پروپگنڈہ کے لیے نہیں جاتے ہیں بلکہ وہ ملک کے 125 کروڑ عوام کی نمائندگی کرتے ہیں ۔ یہ ان کا کام نہیں ہے کہ وہ بی جے پی کے انتخابی نشان کو اشتہار میں بار بار دکھا کر عوام سے بی جے پی کو ووٹ دینے کی اپیل کریں ۔ یہ ٹیلی کاسٹ قابل اعتراض ہے ۔ یاد رہے کہ گذشتہ کچھ دنوں سے بی جے پی اخبارات میں بڑے بڑے اشتہار شائع کروا کر عوام کو یاد دہانی کروا رہی ہے کہ میڈیسن اسکوائر پر نریندر مودی کی تقریر کا بار بار ٹیلی کاسٹ کیا جارہا ہے اور عوام اسے دیکھیں ۔ یہی نہیں بلکہ اشتہار میں نریندر مودی کی تصویر کے ساتھ بی جے پی کے انتخابی نشان کنول کا پھول بھی نمایاں طور پر دکھایا گیا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT