Wednesday , September 26 2018
Home / سیاسیات / بی جے پی ۔ آر ایس ایس جذبات نہ بھڑکائیں : فاروق عبداﷲ

بی جے پی ۔ آر ایس ایس جذبات نہ بھڑکائیں : فاروق عبداﷲ

جموں ۔ 12 ڈسمبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی ۔ آر ایس ایس کو جذبات بھڑکانے اور عوامی احساسات مجروح کرنے سے گریزاں رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے سرپرست فاروق عبداﷲ نے کہاکہ قوم کو مذہبی خطوط پر تقسیم کرنے کا بڑھتا رجحان قومی مفاد کیلئے نقصاندہ ہے ۔ انھوں نے جاریہ گجرات اسمبلی چناؤ کو مذہب کی اساس پر بگاڑنے پر بھی تشویش ظاہر کی اور کہاکہ یہ ہندوستانی نظام حکومت میں افسوسناک تبدیلی ہے ۔ گزشتہ روز یہاں جاری کردہ بیان میں فاروق عبداﷲ نے بی جے پی ۔ آر ایس ایس کو مشورہ دیا کہ اس طرح کی منفی روش اختیار نہ کریں جو قومی مفاد میں نہیں اور اس طرح کے رجحان سے ہر صورت نقصان ہی ہوتا ہے ۔ نیشنل کانفرنس لیڈر نے افسوس ظاہر کیا کہ عوام کو مندر ۔ مسجد مسائل میں اُلجھایا جارہا ہے ، جس کا مقصد محض سیاسی مقاصد کی تکمیل کے سواء کچھ نہیں ۔ سابق مرکزی وزیر نے کہا کہ ہندوستان کا کوئی مخصوص مذہب نہیں بلکہ یہ مختلف رنگوں کے گلدستہ کے مماثل ہے ۔ تمام مذاہب کے لوگ سیکولر انڈیا میں مساوی حقوق رکھتے ہیں۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ موجودہ ماحول میں سیکولرازم کے پرچم کو سربلند رکھنا بڑا چیلنج ہے ۔ فاروق عبداﷲ نے سیاسی اور انتخابی مقصد براری کے لئے مذہبی جذبات کے استحصال کی مذمت میں کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کو ملک کے سیکولر تانے بانے کو برقرار رکھنے کے عظیم تر مفاد میں اس رجحان کو ختم کرتے ہوئے قائدانہ رول ادا کرنا چاہئے ۔

TOPPOPULARRECENT