Tuesday , April 24 2018
Home / کھیل کی خبریں / بی سی سی آئی، بلائنڈ کرکٹ کو تسلیم کرے : سچن تنڈولکر

بی سی سی آئی، بلائنڈ کرکٹ کو تسلیم کرے : سچن تنڈولکر

نئی دہلی۔7 فبروری (سیاست ڈاٹ کام ) سابق عظیم کرکٹر اور راجیہ سبھا کے رکن سچن تنڈولکر نے بی سی سی آئی کو ایک مکتوب لکھ کر انڈین بلائنڈ کرکٹ اسوسی ایشن (سی اے بی آئی ) کو تسلیم کرنے کے ساتھ انہیں بورڈ کی پنشن اسکیم کا فائدہ پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ انڈین بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے حال ہی میں یو اے ای میں بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں پاکستان کو دو وکٹ سے شکست دے کر خطاب برقرار رکھا تھا۔ سچن نے بی سی سی آئی کو چلانے کے لئے سپریم کورٹ کی طرف سے مقرر منتظمین کی کمیٹی (سی او اے ) کے صدر ونود رائے کو مکتوب لکھ کر کہا کہ انڈین بلائنڈ کرکٹ کو تسلیم کرنے پر غوروخوض کیا جانا چاہئے ۔سچن نے سی او اے کو لکھے اپنے مکتوب میں کہا بلائنڈ ورلڈ کپ میں ہم مسلسل چوتھی مرتبہ ہندستانی ٹیم کی فتح کا جشن منارہے ہیں اور میں بی سی سی آئی سے انہیں تسلیم کرنے کی درخواست کرتا ہوں۔سچن ہندوستانی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی جدوجہد کے جذبہ سے کافی متاثر ہوئے ہیں اور انہوں نے کہا کہ یہ لوگ دوسرے لوگوں کے لئے مثال ہیں۔سابق ماسٹر بلاسٹر نے کہا ان کی فتح سے ہمیں ترغیب ملتی ہے اور یہ ہمیں طویل عرصہ تک یاد رہے گی۔ بلائنڈ کرکٹ کو تسلیم کرنا اصل میں کرکٹ کے تیئں ان کے جذبہ کو قبول کرنا ہوگا۔ طویل عرصہ تک مالی تحفظ کے لئے عالمی چیمپئن ٹیم کو بی سی سی آئی پنشن اسکیم کے تحت لانے پر غورو خوض کیا جانا چاہئے ۔

TOPPOPULARRECENT