Monday , December 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / بی سی سی آئی سنٹرل کنٹراکٹ میں رائنا کونقصان، راہنے کو ترقی

بی سی سی آئی سنٹرل کنٹراکٹ میں رائنا کونقصان، راہنے کو ترقی

ممبئی ۔ 9 ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) محدود اوور کی ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہیندر سنگھ دھونی بی سی سی آئی کی جانب سے کھلاڑیوں کے ساتھ 2015-16 ء کیلئے کئے جانے والے معاہدہ میں اپنا مقام اے زمرہ میں برقرار رکھنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ بی سی سی آئی کی جانب سے جاری کردہ معاہدہ کی نئی تفصیلات کے بموجب اے زمرہ میں جن کھلاڑیوں کو ترقی دی گئی ہے، ان میں ٹسٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی ، سرفہرست آف اسپنر روی چندرن اشون کے علاوہ حالیہ دنوں میں بہترین مظاہرہ کر رہے بیٹسمین اجنکیا راہنے شامل ہیں،جنہیں سالانہ ایک کررڑ روپئے ادا کئے جائیں گے۔ سریش رائنا جن کے حالیہ مظاہرے ناقص ہے جس کا انہیں بی سی سی آئی کی جانب سے کئے جانے والے معاہدہ میں بھی نقصان ہوا ہے اور انہیں اے زمرہ سے نکال کر بی زمرہ میں بھیج دیا گیا ہے اور اب انہیں سالانہ ایک کروڑ کے بجائے 50 لاکھ روپئے ملیں گے۔ بی سی سی آئی کی ویب سائیٹ پر جاری کی گئی تفصیلات میں بغیر کسی وضاحت کے سریش رائنا کے نقصان کا تذکرہ کیا گیا ہے ۔ ٹیم سے ایک عرصہ باہر رہنے والے سینئر آف اسپنر جو کہ گزشتہ سیزن میں بی سی سی آئی کے معاہدہ کی فہرست میں شامل نہیں تھے، انہیں دوبارہ سی زمرہ میں شامل کرلیا گیا ہے ۔ 2014-15 ء میں 32 کھلاڑیوں کے ساتھ معاہدے کئے گئے تھے، جن میں صرف 26 کھلاڑیوں کے معاہدوں کی تجدید ہوئی ہے۔ پہلی مرتبہ بی سی سی آئی نے خاتون کھلاڑیوں کو بھی کنٹراکٹ دیا ہے جس میں اے اور بی زمرہ موجود ہیں۔ اے زمرہ کی کھلاڑیوں کو سیزن میں 15 لاکھ جبکہ بی زمرہ کی کھلاڑیوں کو 10 لاکھ روپئے ملیں گے اور دونوں زمروں میں 11 کھلاڑی جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ سینئر مینس ٹیم کے اے زمرہ میں مہیندر سنگھ دھونی ، ویراٹ کوہلی ، روی چندرن اشون اور اجنکیا راہنے شامل ہیں جبکہ بی زمرہ میں امباٹی رائیڈو ، روہت شرما ، مرلی وجئے ، شکھر دھون ، بھونیشور کمار ، ایشانت شرما ، چٹیشور پجارا ، محمد سمیع اور سریش رائنا شامل ہیں۔ زمرہ سی میں امیت مشرا، اکشر پٹیل ، اسٹیورٹ بنی ، ویریدھیمان ساہا ، موہت شرما ، ورون ارون ، کرن شرما ، رویندر جڈیجہ ، لوکیش راہول، دھول کلکرنی ، ہربھجن سنگھ اور سریناتھ اروند شامل ہیں۔ خاتون زمرہ میں اے فہرست میں 4 کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا جس میں میتھالی راج ، جوہلن گوسوامی ، ہرمن پریت کور ، تیروش کامینی شامل ہیں جبکہ بی زمرہ میں 7 کھلاڑیوں شامل کیا گیا ہے جس میں سمرتی منندا ، راجیشوری گائیکواڈ ، پونم یادو، ایکتا بست، ویدا کرشنا مورتی ، نرنجنا ناگرجن اور پونم راوت شامل ہیں۔

TOPPOPULARRECENT