Thursday , November 23 2017
Home / شہر کی خبریں / بی سی کمیشن کا قیام اور تحفظات کیلئے مسلمان کمربستہ

بی سی کمیشن کا قیام اور تحفظات کیلئے مسلمان کمربستہ

تحریک کو علماء اور مفکرین قوم کی بھرپور تائید ، تمام مسلمان ایک پلیٹ فارم پر تحفظات کیلئے متفق

حیدرآباد۔ 17 ستمبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں 12 فیصد مسلم تحفظات کیلئے جاری تحریک کو علماء برادری کی بھرپور مدد حاصل ہورہی ہے۔ شہر کے علاوہ اضلاع نظام آباد، عادل آباد، ورنگل، محبوب نگر، میدک اور کھمم سے تعلق رکھنے والے علماء، مشائخین، مساجد کمیٹیوں کے صدور، امام و موذن حضرات روزنامہ سیاست کی تحریک کی تائید کررہے ہیں۔ چونکہ روزنامہ سیاست کی جانب سے شروع کردہ تحریک صرف اور صرف مسلم مفاد کے حق میں ہے اور سیاست کی اس 12 فیصد مسلم تحفظات تحریک غیرسیاسی ہے بلکہ مسلم نوجوان نسل کی تعمیر نو اور مسلمانوں کی ترقی کی غرض سے شروع کی گئی ہے اور سیاست کی تحریک کا فی الوقت نشانہ ریاستی ٹی آر ایس حکومت ہے، تاکہ حکومت پر دباؤ ڈالتے ہوئے بی سی کمیشن کے قیام کو یقینی بنایا جائے اور مسلم تحفظات کی سفارش کے ذریعہ تحفظات کو یقینی بنایا جائے۔ 12 فیصد مسلم تحفظات تحریک کی کمان نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خان سنبھالے ہوئے ہیں۔ تحریک کے مقصد کو بار بار واضح کردینے کے بعد آج دوبارہ متن کو جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اخبار کے صفحہ نمبر (8) پر متن کو جاری کیا جارہا ہے جس کا اہم مقصد قانونی اعتبار سے نمائندگی تیار کی جائے تاکہ تحفظات کو ہر قانونی رکاوٹ سے بچایا جاسکے۔ 12 فیصد مسلم تحفطات کی تحریک کی اہمیت کو محسوس کرتے ہوئے علماء برادری نے آج ضلع نظام آباد اور عادل آباد میں ہنگامی اجلاس منعقد کیا اور تمام مسلمانوں سے خواہش کی کہ وہ مسلم کاز سے جڑی ہوئی اس اہم تحریک کا حصہ بنیں۔ تحریک کو نہ صرف مضبوط کریں بلکہ اس کی بھرپور تائید کرتے ہوئے حصول تحفظات کو یقینی بنائیں۔ ضلع کھمم سے سید بشیر احمد خطیب مسجد کی قیادت میں ایک وفد نے نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں سے ملاقات کرتے ہوئے تحریک کے آغاز پر انہیں مبارکباد پیش کی اور متن کی کاپیوں کو حاصل کیا۔ انہوں نے مسلم تحفظات کے تعلق سے ہر گوشہ کے مسلمانوں میں شعور بیدار کرتے ہوئے تحریک کو مضبوط کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔ نرمل کے مذہبی رہنما 12 فیصد مسلم تحفظات تحریک میں سب سے آگے ہیں۔ نرمل کی مختلف مساجد کے خطیب اور ائمہ نے ایک اعلیٰ سطح کا مذہبی اجلاس طلب کیا اور سیاست کی تحریک کو مضبوط کرنے لائحہ عمل طئے کیا۔ نماز جمعہ کے وقت اور عیدالضحیٰ کے موقع پر عید گاہوں اور مساجد سے 12 فیصد تحفظات کیلئے نمائندگی کرنے کی اپیل کی جائے گی۔ نرمل کے علماء نے شہر کی تنظیموں کے نمائندوں اور معززین شہر سے گذارش کی ہے کہ وہ جلد از جلد 12 فیصد مسلم تحفظات تحریک کا حصہ بن جائیں۔ علماء نے سیاست کی تحریک کی زبردست ستائش کی اور سیاست کے ذمہ داروں کو مبارکباد پیش کی۔ کھمم کے عالم دین کا کہنا ہے کہ روزنامہ سیاست کے کسی بھی کاز سے جڑنا ثواب جاریہ ہے۔ سیاست ملت فنڈ میں تعاون ہو یا پھر 12 فیصد مسلم تحفظات کی تائید جس کا راست فائدہ مسلم قوم کو ہوتا ہے جو ثواب جاریہ کا سبب بنتا ہے۔ نرمل کے علماء جن میں مفتی ظفر بیگ قاسمی امام و خطیب مسجد شجاعت، مولانا عبدالعلیم امام و خطیب مسجد سلیم، امتیاز احمد خاں مفتاحی امام و خطیب مسجد تاج، مفتی ریاض الدین انصاری، مولوی سید رضوان شامل ہیں، نے کہا کہ ہر ذمہ دار شہری کا فرض ہے کہ وہ مسلم تحفظات کیلئے قدم سے قدم ملاکر آگے بڑھے کیونکہ یہ تحریک صرف اور صرف نسل نو کے درخشاں مستقبل کے لئے شروع کی گئی ہے۔ ضلع نظام آباد کے علماء بالخصوص مولانا ارشد مدنی گروپ جمعیتہ العلماء نے سیاست کی تحریک کی تائید کی ہے۔ صدر جمعیتہ العلماء ارشد مدنی (گروپ) حافظ لئیق خاں نے بتایا کہ روزنامہ سیاست و مسلم امپاورمنٹ مومنٹ کی جانب سے 12 فیصد تحفظات کی فراہمی کیلئے شروع کردہ تحریک کی تائید کا صدر جمعیتہ العلماء ہند مولانا ارشد مدنی نے اعلان کیا ہے۔ اس خصوص میں مولانا حافظ لئیق خاں نے ریاستی صدر مفتی غیاث رحمانی، قومی صدر مولانا ارشد مدنی سے فون پر بات چیت کی اور 12 فیصد مسلم تحفظات کے بارے میں واقف کروایا۔ ٹی آر ایس اقتدار میں آنے سے قبل اپنے انتخابی منشور میں 12 فیصد تحفظات کی فراہمی کا اعلان کیا تھا اور ملازمتوں میں بھرتی کیلئے کی جانے والی سرگرمیوں کے پیش نظر روزنامہ سیاست کی جانب سے شروع کردہ تحریک کے بارے میں مولانا ارشد مدنی کو واقف کروانے پر مولانا ارشد مدنی نے روزنامہ سیاست کی شروع کردہ تحریک کی زبردست تائید کرتے ہوئے ملی جذبات کی ستائش کی۔ تلنگانہ میں تحریک چلانے کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے ماہ ستمبر کے بعد جلسوں کے انعقاد کا ارادہ ظاہر کیا۔ حافظ لئیق نے بتایا کہ جمعیتہ العلماء کی جانب سے 12 فیصد مسلم تحفظات کی سیاست کی تحریک کو مضبوط کیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT