Saturday , November 18 2017
Home / شہر کی خبریں / بی سی کمیشن کی سماعت میں دو دن کی توسیع

بی سی کمیشن کی سماعت میں دو دن کی توسیع

جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست کی ڈپٹی چیف منسٹر سے کامیاب نمائندگی
حیدرآباد۔/17ڈسمبر، ( سیاست نیوز) مسلم تحفظات کے مسئلہ پر بی سی کمیشن کی عوامی سماعت میں 2دن کی توسیع کردی گئی ہے۔ روز نامہ ’سیاست‘ کی جانب سے اس سلسلہ میں حکومت سے نمائندگی کی گئی تھی۔ ایڈیٹر ’سیاست‘ جناب زاہد علی خاں نے بی سی کمیشن کو مسلم اداروں اور تنظیموں کی جانب سے مزید نمائندگی کیلئے تاریخ میں توسیع کے سلسلہ میں ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کی توجہ مبذول کروائی تھی۔ ’سیاست‘ کی جانب سے صدر نشین بی سی کمیشن بی ایس راملو سے بھی بات چیت کی گئی۔ آخر کار شہر اور اضلاع سے تعلق رکھنے والے مسلمانوں کی نمائندگی اور ان کے جوش و خروش کو دیکھتے ہوئے کمیشن نے 18 اور 19 ڈسمبر کو عوامی سماعت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان تواریخ میں ارکان پارلیمنٹ، اسمبلی اور کونسل کے علاوہ ضلع پریشد صدور نشین کو مسلم تحفظات کے مسئلہ پر رائے دینے کیلئے مدعو کیا گیا تھا۔ صدرنشین بی ایس راملو نے بتایا کہ عوامی نمائندوں کے ساتھ ساتھ عوام بھی ان ایام میں کمیشن سے رجوع ہوسکتے ہیں۔ 19 ڈسمبر کی شام تک کمیشن نمائندگیوں کو قبول کرے گا جبکہ آن لائن نمائندگیاں 20 ڈسمبر تک قبول کی جائیں گی۔ نیوز ایڈیٹر ’سیاست‘ جناب عامر علی خاں نے کمیشن سے نمائندگی کے موقع پر سماعت میں توسیع کی تجویز پیش کی تاکہ اضلاع سے تعلق رکھنے والے مسلمان اس سہولت سے استفادہ کرسکیں۔

TOPPOPULARRECENT