Tuesday , January 23 2018
Home / جرائم و حادثات / بی ٹیک طالب علم کی ہائی ٹیک چوری ، سابق رکن اسمبلی کا بیٹا گرفتار

بی ٹیک طالب علم کی ہائی ٹیک چوری ، سابق رکن اسمبلی کا بیٹا گرفتار

حیدرآباد 8 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) جوبلی ہلز پولیس نے انجینئرنگ طالبعلم کو قیمتی لگژری کاروں کے سرقہ میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا اور اس کے قبضہ سے بی ایم ڈبلیو اور دیگر قیمتی کاریں ضبط کرلی۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ویسٹ زون مسٹر وینکٹیشور راو نے بتایا کہ 21 سالہ ٹی سمن ساکن سرینگر کالونی شہر کے مشہور انجینئرنگ کالج کا بی ٹیک فائنل ایر کا طالب علم ہے ۔ ہفتہ واری چھٹی کے دوران وہ ہوٹلس ،شاپنگ مال ،پبس وغیرہ جایا کرتا تھا اور وائیلٹ پارکنگ عملہ کو چکمہ دے کر قیمتی گاڑیوں کا سرقہ کیا کرتا تھا ۔ مسٹر وینکٹیشور راو نے بتایا کہ سمن نے سال 2013 میں کاروں کا سرقہ کرنے کا آغاز کیا اور اس نے پہلی مرتبہ پنجہ گٹہ باٹلس اینڈ چمنیس سے قیمتی ورنا کار کا سرقہ کیا تھا اور بعدازاں جوبلی ہلز اور شہر کے دیگر پاش علاقوں کی ہوٹلوں سے بی ایم ڈبلیو گاڑیوں کا سرقہ کیا تھا ۔جوبلی ہلز پولیس نے اسے گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی اور اس کے قبضہ سے دو ورنا اور ایک بی ایم ڈبلیو کار برآمد کرلئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ گرفتار انجینئرنگ طالب علم سابق رکن اسمبلی کا بیٹا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT