Thursday , June 21 2018
Home / شہر کی خبریں / بے روزگار نوجوانوں کو کانگریس گمراہ کررہی ہے

بے روزگار نوجوانوں کو کانگریس گمراہ کررہی ہے

81 ہزار جائیدادوں پر تقررات کا عمل جاری، رکن کونسل پربھاکر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔ 8 فبروری (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے الزام عائد کیا کہ کانگریس پارٹی حکومت کے خلاف بے بنیاد الزامات کے ذریعہ ریاست کو غیر مستحکم کرنے کی سازش کررہی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے رکن قانون ساز کونسل کے پربھاکر نے کانگریس پر بے روزگار نوجوانوں کو حکومت کے خلاف مشتعل کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی جس نے اپنے 10 سالہ دورِ اقتدار میں بے روزگاری کے مسئلہ کے حل کے لیے کوئی توجہ نہیں دی۔ آج نوجوانوں سے جھوٹی ہمدردی کا اظہار کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری جائیدادوں پر تقررات اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے سلسلہ میں کانگریس حکومت نے کوئی توجہ نہیں دی۔ لیکن آج سیاسی فائدہ حاصل کرنے کے لیے نوجوانوں سے بے روزگاری الائونس اور روزگار کی فراہمی جیسے وعدے کیے جارہے ہیں۔ پربھاکر نے کہا کہ جس وقت کانگریس اقتدار میں تھی، قائدین نے صرف اپنے مفادات کی تکمیل پر توجہ مرکوز کی۔ 10 برسوں میں صرف 24 ہزار جائیدادوں پر تقررات کیے گئے۔ ان میں زیادہ تر جائیدادیں سیما آندھرا کے لیے الاٹ کی گئیں۔ تلنگانہ کے بے روزگاروں کے ساتھ دھوکہ کرنے والے کانگریس قائدین آج جھوٹی ہمدردی دکھارہے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ اتم کمار ریڈی وزیر کی حیثیت سے اس وقت کیوں خاموش رہے جب ان کی حکومت نے تلنگانہ نوجوانوں سے ناانصافی کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے تین برسوں میں 81739 جائیدادوں پر تقررات کا عمل شروع کیا ہے۔ لیکن کانگریس قائدین کو یہ برداشت نہیں ہورہا ہے اور وہ حکومت پر الزام تراشی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ حکومت نے جب کبھی تقررات کے لیے اعلامیہ جاری کیا کانگریس کے حامیوں نے عدالتوں میں مقدمات کے ذریعہ رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کی۔ گروپ۔II جائیدادوں پر تقررات کے خلاف کانگریس کے رچنا ریڈی نے ہائی کورٹ میں مقدمہ دائر کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ 30339 تقررات کیے گئے۔ ان میں سے کئی ملازمت میں شامل ہوچکے ہیں۔ محکمہ پولیس میں 10,700 محکمہ برقی میں 4,000، سنگارینی کالریز میں 3500، محکمہ صحت میں 10,700 جائیدادوں پر تقررات کا عمل شروع کیا گیا ہے۔ محکمہ پولیس میں تازہ ترین 14,000 جائیدادوں پر تقررات کو منظوری دی گئی ہے جبکہ محکمہ پنچایت راج میں 2,500 پنچایت راج سکریٹری اور گروپ۔II کے تحت 2,000 جائیدادوں کے لیے تقررات کا عمل شروع کیا جارہا ہے۔ حکومت نے ایک لاکھ جائیدادوں پر تقررات کا وعدہ کیا تھا ان میں سے 81,739 پر تقررات جلد مکمل ہوجائیں گے۔ تازہ منظوریوں کے بعد تقررات کی تعداد ایک لاکھ سے عبور کر جائے گی۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ کانگریس پارٹی کے بہکاوے میں نہ آئیں۔ حکومت جہاں بھی مخلوعہ جائیدادیں ہیں ان پر تقررات کا فیصلہ کرچکی ہے۔

TOPPOPULARRECENT