Wednesday , December 19 2018

بے سہارا غریب افراد کی جھونپڑیوں کاانہدام

محبوب نگر محکمہ مال کی کارروائی اراضی پٹہ جات کی منسوخی
محبوب نگر ۔ /6 فبروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مستقر محبوب نگر پر بے سہارا ، بے گھر اور غریب افراد کی جھونپڑیوں کو منہدم کردیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق سروے نمبر 523 میں 2004 ء میں برسراقتدار کانگریس حکومت نے بے گھر افراد میں اراضی پٹے تقسیم کئے تھے ۔ آدرش نگر علاقہ میں یہ بے گھر افراد جھونپڑیاں بناتے ہوئے اپنی زندگی بسر کررہے تھے ۔ لیکن موجودہ حکومت نے اراضی کے ان پٹہ جات کو منسوخ کردیا اور محکمہ مال کے عہدیداراوں نے جھونپڑیوں کو ہٹادیا ۔ اس دوران میں متاثرہ افراد نے سخت احتجاج کیا اور پولیس مقام پر پہونچ گئی ۔ واقعہ کی اطلاع پاتے ہی سی پی ایم اور کانگریس قائدین بھی مقام پر پہونچ گئے اور عہدیداروں کیخلاف احتجاج کیا ۔ اس دوران قائدین اور عہدیداروں کے مابین گرما گرم بحث و تکرار ہوئی ۔ جھونپڑی میں گزارا کرنے والوں نے تحصیلدار پربھاکر راؤ سے مطالبہ کیا کہ انہیں اس مقام پر ڈبل بیڈروم مکانات تعمیر کرکے دیئے جائیں ۔ تحصیلدار نے تیقن د یا کہ وہ بہت جلد اعلیٰ عہدیداروں کے علم میں لائیں گے ۔ کانگریس بلدی فلور لیڈر روی کشن اور صدر سی پی ایم ٹاؤن چندرا کانت نے بتایا کہ ماضی میں کانگریس حکومت نے غرباء میں فی کس 75 گز زمین فراہم کی تھی لیکن آج ٹی آر ایس حکومت ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر کے بہانے غریبوں کی زمین چھین کر انہیں بے گھر کررہی ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس اراضی پر متاثرہ افراد کو ہی ڈبل بیڈروم مکانات مہیا کئے جائیں ۔ بصورت دیگر شدید احتجاج کیا جائے گا ۔

TOPPOPULARRECENT