Thursday , December 14 2017
Home / ہندوستان / ’تاج محل خوبصورت قبرستان‘ :ہریانہ کا وزیر

’تاج محل خوبصورت قبرستان‘ :ہریانہ کا وزیر

چندی گڑھ ۔ 20 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے لیڈر سنگیت سوم کے تاج محل پر کئے جانے والے ریمارکس سے پیدا شدہ تنازعہ کے درمیان ہریانہ کے ایک وزیر انیل وجے نے اس یادگار کو ایک خوبصورت قبرستان قرار دیا ہے۔ ہریانہ کی بی جے پی حکومت میں وزیراسپورٹس کے عہدہ پر فائز انیل وجے نے کہا کہ ’’تاج محل ایک خوبصورت قبرستان ہے‘‘۔ انیل وجے اس قسم کے تبصروں سے ماضی میں بھی کئی تنازعات پیدا کرچکے ہیں۔ مغل شہنشاہ شاہجہاں نے 17 ویں صدی میں اپنی ملکہ ممتاز محل کی یاد میں سنگ مرمر کا یہ شاہکار تعمیر کروایا تھا۔ شاہجہاں اور ملکہ ممتاز کے مقبرے تاج محل میں موجود ہیں۔ یوپی کے رکن اسمبلی سنگیت سوم نے ہندوستان کے ورثہ میں اس یادگار کو شامل کرنے پر سوال اٹھایا تھا جس کے جواب میں ہریانہ کے وزیر نے یہ ٹوئیٹ کیا ہے۔ تاہم اترپردیش کے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ تاج محل پر پیدا شدہ تنازعہ کی اہمیت کو گھٹاتے ہوئے کہا تھا کہ ’’بھارت ماتا کے سپوتوں نے اپنے خون پسینہ سے یادگار تعمیر کیا ہے اور اس کا تحفظ ان کی حکومت کی ذمہ داری ہے‘‘۔ بی جے پی کے ایک اور لیڈر ونئے کٹھیار نے دعویٰ کیا تھا کہ تاج محل دراصل لارڈ شیوا کا مندر تھا جو تیجومحل کہلا جاتا تھا جس کو مغل شہنشاہ شاہجہاں نے مقبرہ میں تبدیل کردیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT