Saturday , November 18 2017
Home / شہر کی خبریں / تاریخی مکہ مسجد میں ایرکولر کی تنصیب

تاریخی مکہ مسجد میں ایرکولر کی تنصیب

مصلیوں کو راحت پہونچانے حکومت کا اقدام ، مفتی ڈاکٹر قاسم تسخیر کے ہاتھوں افتتاح
حیدرآباد۔21اپریل (سیاست نیوز) تاریخی مکہ مسجد کے اندرونی حصہ میں حکومت تلنگانہ کی جانب سے 4لاکھ71ہزار کی لاگت سے 10نئے کولر کی تنصیب عمل میںلائی گئی جن کے ذریعہ مسجد کے اندرونی حصہ کی ٹھنڈک میں اضافہ ہوگا۔ مکہ مسجد میں نصب کئے گئے کولرس کے متعلق یہ ادعا کیا جا رہا ہے کہ ان کولرس کا پہلی مرتبہ شہر میں استعمال کیا جا رہا ہے ۔ حکومت تلنگانہ نے مصلیان مسجد کی سہولت اور شدید گرمی کے سبب مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اسی لئے مسجد کے اندرونی حصہ میں 4لاکھ 71ہزار کی لاگت سے کولرس کی تنصیب عمل میں لائی گئی جس کے استعمال کا آج باضابطہ افتتاح کرتے ہوئے آغاز کیا گیا۔ نماز جمعہ سے قبل مولانا حافظ محمد رضوان قریشی خطیب و امام مکہ مسجد‘ مولانا مفتی ڈاکٹر قاسم صدیقی تسخیر نے افتتاح انجام دیا۔ اس موقع پر پتھر گٹی کارپوریٹر جناب سید محمود قادری سہیل کے علاوہ مہتمم مکہ مسجد جناب محمد عبدالقدیر صدیقی کے علاوہ مصلیان کی کثیر تعداد موجود تھی۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے نصب کردہ ان کولرس کے متعلق بتایاجاتا ہے کہ تیزی سے بڑھ رہی گرمی کے پیش نظر حکومت تلنگانہ نے تاریخی مکہ مسجد کے مصلیان کی درخواست پر کولرس نصب کئے ہیں تاکہ جاریہ موسم گرما اور ماہ رمضان المبار ک کے دوران نمازیوں کے خشوع و خضوع کو برقرار رکھا جا سکے۔ مکہ مسجد کی چھت کافی اونچائی پر ہونے کے سبب مکہ مسجد کے مصلیوں کو شدید گرمی کا سامنا تو نہیں تھا لیکن گرما کی شدت میں ہو رہے اضافے کو دیکھتے ہوئے حکومت کی جانب سے کئے گئے اس بروقت اقدام کی مصلیوں کی جانب سے ستائش کی جا رہی ہے اور کہا جا رہاہے کہ حکومت تلنگانہ کی جا نب سے کولرس کی تنصیب کے ذریعہ مصلیوں کی راحت کے لئے کئے گئے اقدامات کافی فائدہ مند ثابت ہوں گے۔

TOPPOPULARRECENT