Sunday , December 17 2017
Home / شہر کی خبریں / تاریخی مکہ مسجد کی چھت کی تعمیر و مرمت کے لیے کاموں کا آغاز

تاریخی مکہ مسجد کی چھت کی تعمیر و مرمت کے لیے کاموں کا آغاز

سید عمر جلیل اور اے کے خاں کا دورہ اور تعمیری سرگرمیوں کا جائزہ ، چھت کا معائنہ
حیدرآباد ۔ 17۔ اکتوبر (سیاست نیوز) تاریخی مکہ مسجد کی چھت کی تعمیر و مرمت کیلئے آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کی جانب سے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل اور حکومت کے مشیر برائے اقلیتی امور اے کے خاں نے آج مکہ مسجد کا دورہ کرتے ہوئے تعمیری سرگرمیوں کے آغاز کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈائرکٹر آرکیالوجی این آر وسالاچی ، سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد عبدالقدیر صدیقی اور آرکیالوجیکل سروے کے دیگر عہدیدار موجود تھے۔ عمر جلیل اور اے کے خاں نے مکہ مسجد کی چھت کا معائنہ کیا اور تعمیری سرگرمیوں کے آغاز کے سلسلہ میں عارضی چھت کی تعمیر کی ستائش کی ۔ بارش کے دوران کسی رکاوٹ کے بغیر کام جاری رکھنے کیلئے تارپولین کا عارضی چھت بنایا گیا ہے۔ دونوں عہدیداروں نے ان عارضی حوضوں کا بھی معائنہ کیا جو گچی کی تیاری کیلئے تعمیر کئے گئے ہیں۔ چھت کی تعمیر کے سلسلہ میں چننے اور گچی کی تیاری کا کام مسجد کے احاطہ میں انجام دیا جائے گا جس کے لئے عارضی حوض بنائے گئے ہیں۔ آرکیالوجی کے عہدیداروں نے اپنا عارضی دفتر قائم کیا ہے ، اس کے علاوہ مزدوروں کیلئے مکان فراہم کیا گیا۔ تعمیری سرگرمیوں کیلئے مسجد کے عقبی حصہ کی حد بندی کا کام مکمل کرلیا گیا ہے ، اس علاقہ میں عام افراد کے داخلی کی اجازت نہیں رہے گی۔ 18 مہینے میں مسجد ، آصف جاہی مقبرے اور مدرستہ الحفاظ کی چھت کی تعمیر و مرمت کا کام مکمل کرلیا جائے گا ۔ پہلے مرحلہ میں مکہ مسجد اور آصف جاہی مقبرہ کی چھت درست کی جائے گی ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ کام کی نوعیت کے اعتبار سے دو سال میں تکمیل کا امکان ہے ۔ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں نے آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ کام کی نگرانی کیلئے جو بین محکمہ جاتی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ، وہ وقفہ وقفہ سے جائزہ لے گی ۔ بعد میں سکریٹری اقلیتی بہبود نے کام کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ تعمیری سامان کی منتقلی کیلئے پنچ محلہ کی سمت واقع مسجد کی گیٹ کی گشادگی کی کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تعمیری اشیاء کی منتقلی کیلئے یہ واحد راستہ ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مکہ مسجد کی چھت کے کام کے آغاز سے قبل 6 انچ کی ڈانبر کی پرت کو نکالا جائے گا جس کے بعد ہی حقیقی چھت سامنے آئے گی جس کی تعمیر و مرمت کیلئے خصوصی طور پر گچی تیار کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تاریخی مسجد کے تحفظ کیلئے آثار قدیمہ کے ماہرین کی خدمات حاصل کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کام کی تکمیل کے بعد مکہ مسجد کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہوگا۔ حکومت کے مشیر اے کے خاں نے کہا کہ تاریخی مکہ مسجد کے تحفظ کیلئے 4 کروڑ 48 لاکھ کا تخمینہ تیار کیا گیا ہے اور ضرورت پڑنے پر حکومت مزید فنڈس جاری کرنے تیار ہے۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ مکہ مسجد کے اندرونی اور بیرونی حصہ میں صفائی کا خصوصی خیال رکھا جائے اور سیاحوں کی آمد کے پیش نظر تعمیری سرگرمیوں میں خلل نہ ہونے پائیں۔ انہوں نے کہا کہ تعمیری سرگرمیوں سے نماز کے اوقات میں مصلیوں کو کوئی دشواری نہیں ہوگی۔ نماز کے اوقات کے دوران کام کو روک دیا جائے گا۔ سپرنٹنڈنٹ عبدالقدیر صدیقی نے عہدیداروں کو مختلف کاموں سے واقف کرایا اور چھت کا معائنہ کرایا۔

TOPPOPULARRECENT