Friday , September 21 2018
Home / دنیا / تاریخی میوزیم میں میکرون کی جانب سے محمد بن سلمان کیلئے ضیافت کا اہتمام

تاریخی میوزیم میں میکرون کی جانب سے محمد بن سلمان کیلئے ضیافت کا اہتمام

پیرس ۔ 9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سعودی ولیعہد محمد بن سلمان سعودی عرب کی قدامت پسندی کی شبیہ کو بدلنے کیلئے اس وقت دنیا کے چند اہم ممالک کے دورے کررہے ہیں جن میں حالیہ دورہ فرانس کا ہے جہاں وہ دونوں ممالک کے ثقافتی اور تجارتی تعلقات کو سرمایہ کاری کے ذریعہ مزید مستحکم کرنے کے خواہاں ہیں۔ محمد بن سلمان کو عام طور پر ایم بی ایس کے مخفف سے جانا جاتا ہے۔ انہوں نے صدر فرانس ایمانیول میکرون کے ساتھ ایک ضیافت میں شرکت کی جس کا انعقاد پیرس کے تاریخی لورے میوزیم میں کیا گیا تھا۔ سعودی ولیعہد کے طور پر محمد بن سلمان کل ہی فرانس کے دورہ پر پہنچے ہیں جہاں ان کا والہانہ استقبال کیا گیا تھا۔ دوسری طرف اصلاح پسند ولیعہد سے بات چیت کیلئے میکرون بھی سفارتی پس و پیش کا شکار ہیں۔ وہ اس وقت ایک پیچیدہ صورتحال سے دوچار ہیں اور خام تیل برآمد کرنے والے دنیا کے سب سے بڑے ملک (سعودی عرب) کے ساتھ فرانس کے مستحکم تعلقات استوار کرنے کوشاں ہیں جبکہ ساتھ ہی ساتھ فرانس نے سعودی کے کٹر حریف ایران کے ساتھ بھی تعلقات استوار کر رکھے ہیں جو یقینی طور پر ایک پیچیدہ سفارتی صورتحال ہے۔ البتہ پیرس کے ایک اسٹارٹ اپ کیمپس ’’اسٹیشن F‘‘ کا دورہ بھی محمد بن سلمان کے پروگرام میں شامل تھا جو وہ فرانسیسی وزیراعظم ایڈورڈ فلپ کے ساتھ کرنے والے تھے لیکن اسے لمحہ آخر میں منسوخ کردیا گیا تاہم دونوں قائدین کی آج ظہرانہ پر ملاقات ہوئی۔

TOPPOPULARRECENT