Thursday , June 21 2018
Home / شہر کی خبریں / تاریخی چارمینار کے دامن میں آج کُل ہند مشاعرہ، ایم پی کویتا کی صدارت ، راحت اندوری،جوہر کانپوری، ماجد دیوبندی کی شرکت

تاریخی چارمینار کے دامن میں آج کُل ہند مشاعرہ، ایم پی کویتا کی صدارت ، راحت اندوری،جوہر کانپوری، ماجد دیوبندی کی شرکت

حیدرآباد۔/3فبروری، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کی سماجی اور ثقافتی تنظیم تلنگانہ جاگروتی کے زیر اہتمام کل 4 فبروری کو تاریخی چارمینار کے دامن میں کُل ہند مشاعرہ کا انعقاد عمل میں آئے گا۔ جاگروتی کی صدر اور رکن پارلیمنٹ کے کویتا نے اردو زبان کی ترقی اور فروغ کیلئے گزشتہ سال سے سالانہ مشاعرہ کے انعقاد کی روایت کا آغاز کیا ہے۔ پہلے سال انقلابی شاعر مخدوم محی الدین کی یاد میں کامیاب مشاعرہ منعقد کیا گیا تھا۔ اتوار کو منعقد ہونے والا مشاعرہ تاریخی نوعیت کا ہوسکتا ہے جس میں عالمی شہرت یافتہ 5 شعراء نے شرکت کی توثیق کردی ہے۔ کویتا مشاعرہ کی صدارت کریں گی جبکہ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی مہمان خصوصی ہوں گے۔ مشاعرہ کا آغاز بعد نماز عشاء ہوگا۔تلنگانہ اردو اکیڈیمی کے اشتراک سے مشاعرہ کا انعقاد عمل میں آرہا ہے۔ سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور کی نگرانی میں انتظامات مکمل کرلئے گئے۔ عالمی شہرت یافتہ شعراء راحت اندوری، جوہر کانپوری، شبینہ ادیب، ماجد دیوبندی اور حامد بھنساولی نے شرکت کی توثیق کردی ہے۔ ان کے علاوہ مقامی استاد شعراء بھی کلام پیش کریں گے۔ تاریخی چارمینار کے دامن میں اردو کی اس یادگار محفل کو کامیاب بنانے کیلئے موثر انتظامات کئے گئے اور سامعین کی امکانی تعداد کے اعتبار سے نشستوں کا انتظام کیا جارہا ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے عوام اور بالخصوص پرستاران اُردو سے شرکت کی اپیل کی ہے۔

TOPPOPULARRECENT