Wednesday , December 12 2018

تاریخی چارمینار کے قریب ’ ساونڈ اینڈ لائیٹ شو ‘

برج الخلیفہ دبئی طرز پر شو کے قیام پر غور ، ماہرین سے مشاورت ، سیاحوں کے لیے پرکشش بنانے کی تجویز
حیدرآباد۔20جولائی (سیاست نیوز) تاریخی چارمینار پر ساؤنڈ اینڈ لائٹ شو شروع کیا جائے گا۔چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے تحت جاری ترقیاتی کاموں کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ چارمینار پر ساؤنڈ اینڈ لائٹ شو شروع کرنے کا منصوبہ تیا رکیا جاچکا ہے اور اس منصوبہ کے تحت چارمینار کے دامن میں سیاحوں کے لئے خصوصی انتظامات کے علاوہ ساؤنڈ اینڈ لائٹ شو کو پر اثر بنانے کی حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ تاریخی چارمینار پر شروع کئے جانے والے ساؤنڈ اینڈ لائٹ شو کے سلسلہ میں عالمی سطح کی کمپنیو ںکی جانب سے تیار کردہ ساؤنڈ اینڈ لائٹ شو کا مشاہدہ کیا جا رہاہے اور اس خصوص میں دبئی ‘ آسٹریلیاء ‘ انگلینڈ‘ لندن ‘ پیرس اور دیگر ممالک میں موجود ساؤنڈ اینڈ لائٹ شو کی تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں ۔ بتایاجاتاہے کہ ترکی کے شہر استنبول میں موجود تاریخی عمارتوں کے قریب میں واقع ساؤنڈ اینڈ لائٹ شو کی بھی تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں ۔ شہر حیدرآباد میں موجود تاریخی قلعہ گولکنڈہ میں تلگو دیشم دور حکومت کے دوران چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے ساؤنڈ اینڈ لائٹ شو کا افتتاح انجام دیا تھا اس کے علاوہ اسی دور میں لمبنی پارک میں بھی ساؤنڈ اینڈ لائٹ شو کی شروعات عمل میں لائی گئی تھی لیکن اب تیزی سے ترقی کر رہے لیزر ٹیکنالوجی کے دور کو نظرمیں رکھتے ہوئے چارمینار پر ساؤنڈ اینڈ لائٹ شو کی شروعات کے سلسلہ میں پہل کی جا رہی ہے اور بتایا جا رہاہے کہ چارمینارپیدل راہرو پراجکٹ کے تعمیری کاموں کے اختتام کے ساتھ ساتھ اس پراجکٹ کو بھی مکمل کرلیا جائے گا۔اعلی عہدیداروں کے مطابق تاریخی چارمینار پر ساؤنڈ اینڈ لائٹ شو کے آغاز پر حتمی فیصلہ کیا جاچکا تاہم اس ساؤنڈ اینڈ لائٹ شو کو کس طرح سے نصب کیا جائے اس بات کو قطعیت نہیں دی گئی ہے کیونکہ اس سلسلہ میں ماہرین سے مشاورت کی جا رہی ہے ۔ بتایاجاتاہے کہ چارمینار کے چاروں جانب کھلی جگہ ہونے کے سبب ماہرین ہر جانب سے ساؤنڈ اینڈ لائٹ شو کے مشاہدہ کی سہولت کی فراہمی کی حمایت کر رہے ہیں اور ان کا ماننا ہے کہ اگر ہر جانب سے ساؤنڈ اینڈ لائٹ شو کے مشاہدہ کی سہولت فراہم کی جاتی ہے تو ایسی صورت میں سیاحوں کو مشکلات سے بچایاجاسکتا ہے ۔ اس کے علاوہ اس بات پر بھی غور کیا جا رہاہے کہ ساؤنڈ اینڈ لائٹ شو کے لئے عصری لیزرلائٹ کا استعمال کیا جائے یا پھر ایل ای ڈی لیزر کے ذریعہ تیار کئے جانے والے ساؤنڈ اینڈ لائٹ شو کو منظوری دی جائے ۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق تاریخی چارمینار پر دبئی میں موجود برج الخلیفہ پر موجود ساؤنڈ اینڈ لائٹ شو کے طرز کے ساؤنڈ اینڈ لائٹ شو کو منظوری دی جائے گی ۔

TOPPOPULARRECENT