Wednesday , September 19 2018
Home / کھیل کی خبریں / تاریخی کامیابی محنت کا نتیجہ:کوہلی

تاریخی کامیابی محنت کا نتیجہ:کوہلی

پورٹ الزبتھ۔14 فروری (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی افریقہ کی سرزمین پر پہلی مرتبہ ونڈے سیریز جیت کر تاریخ رقم کرنے کے بعد ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی نے اس کا سہرا اپنے کھلاڑیوں کو دیتے ہوئے کہا کہ اس کے لئے ساتھیوں نے سخت محنت کی۔ہندوستان نے روہت شرما(115) کی شاندار سنچری، آل راؤنڈرہاردک پانڈیا کی بہترین بولنگ اور فیلڈنگ اور چائنامین کلدیپ یادو57 رنز پر چار وکٹ کی خطرناک بولنگ کی بدولت گزشتہ رات میزبان جنوبی افریقہ کو پانچویں ون ڈے میں 73 رنز سے شکست دے کر چھ میچوں کی سیریز میں 4-1 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کرنے کے علاوہ جنوبی افریقہ میں پہلی مرتبہ کوئی سیریز اپنے نام کرنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔کوہلی نے میچ کے بعد کہا، اس کامیابی سے میں بے حد خوش ہوں۔ہماری طرف سے یہ ایک اور شاندار کارکردگی رہی۔ ہم نے تاریخ رقم کی۔ اس کے لئے ساتھیوں نے سخت محنت کی ۔ تیسرے ٹسٹ کے بعد سے ہی ہماری کارکردگی بہتر ہوئی ہے ۔ تاریخ رقم کرنے کے لئے کھلاڑیوں نے اپنا پورا تعاون دیا ہے ۔ہندوستانی ٹیم مسلسل سب سے زیادہ باہمی ونڈے سیریز جیتنے کے معاملے میں اب دنیا میں ویسٹ انڈیز کے بعد دوسرے نمبر پر آ گئی ہے ۔ہندوستان نے2016 سے اب تک مسلسل نو ونڈے سیریز اپنے نام کی ہے جبکہ ویسٹ انڈیز نے 1980-1988 کے دوران مسلسل 14 سیریز اپنے نام کی تھی۔کپتان نے کہا،ہم نے سیریز جیت لی ہے اور اب ہم ایک ساتھ بیٹھ کر یہ دیکھیں گے کہ ہمیں کہاں اوربہتر کرنا ہے ۔ 4-1 کی کامیابی شاندار احساس ہے ۔ ہم اسے 5-1 کرنا چاہتے ہیں۔ ممکن ہے کہ اگلے میچ میں کچھ اور کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے لیکن ہمارا اہم مقصد میچ جیتنا ہے اور اس کے لئے ہم کچھ بھی کر سکتے ہیں۔ گزشتہ چار میچوں سے ناکام ہوئے اوپنر روہت شرما نے پانچویں میچ میں شاندار 115 رنز کی اننگز کھیل کر ہندوستان کی جیت کی بنیاد رکھی۔ روہت کو ان کی اس شاندار کارکردگی کے لئے مین آف دی میچ کا ایوارڈدیا گیا۔روہت نے میچ کے بعد کہا،یہ سنچری کافی وقت بعد لیکن صحیح وقت پر تھی۔ جب آپ سنچری بناتے ہو اور آپ کی ٹیم جیت جائے ، تو اس سے بڑھ کر اور کیا خوشی ہوگی۔ کافی وقت تک بیٹنگ کرنا میرے لئے فائدہ مند ثابت ہوا۔ مجھے خوشی ہے کہ ہم نے جو اسکور کیا اس کاہم نے کامیابی سے دفاع کیا ۔یادرہے کہ روہت شرما(115) کی17 ویں سنچری کی بدولت ہندوستان نے میزبان جنوبی افریقہ کو پانچویں ون ڈے میں 73 رنوں سے شکست دے کر چھ میچوں کی سیریز میں 4-1 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کی اور جنوبی افریقہ میں پہلی مرتبہ کوئی سیریز اپنے نام کر لی ۔دونوں ٹیموں کے درمیان آخر ی مقابلہ جمعہ کو کھیلا جائے گا جس کیلئے ہندوستانی ٹیم میں تبدیلی کا امکان ہے۔

ہندستان ،6 ماہ میں تیسری مرتبہ پہلے مقام پر
دوبئی۔14 فروری (سیاست ڈاٹ کام)جنوبی افریقہ کی زمین پر پہلی مرتبہ سیریز جیتنے والی ہندستانی کرکٹ ٹیم نے گزشتہ چھ ماہ کے دوران تیسری مرتبہ آئی سی سی ونڈے درجہ بندی میں سب سے اعلی مقام حاصل کیا ہے ۔ہندستان نے جنوبی افریقہ کو منگل کی رات پانچویں ون ڈے میں73 رنز سے شکست دے دی، جس میں چھ میچوں میں ہندوستان نے سیریز میں 4-1 کی سبقت حاصل کرلی ہے ۔ جب ہندستانی ٹیم ونڈے سیریز میں کھیل رہا تھا، تو اس وقت 119 نشانات کے ساتھ دوسرے نمبر پر تھا۔ دومیچوں میں کامیابی حاصل کرنے بعد ہندستانی ٹیم نمبر ایک پر پہنچ گئی ۔ ہندستانی ٹیم کے 122 نشانات ہوگئے ہیں۔ جنوبی افریقہ اب 118 نشانات کے ساتھ دوسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے ۔ دونوں ممالک کے درمیان چھٹے اور آخری میچ جمعہ کو کھیلا جائے گا۔ اگر ہندستان نے اس میچ کو جیت لیا تو پھر وہ سیریز کو 123 نشانات کے ساتھ ختم کردے گا اور اگر وہ ناکام ہو جائے تو وہ121 نشانات کے ساتھ نمبر ایک پر قائم رہے گا۔ یہ اکتوبر 2017 کے بعد سے پانچویں مرتبہ ہوگا جب ہندستان نے ونڈے عالمی درجہ بندی میں سر فہرست رہ کر سیریز ختم کی ہے ۔ ہندستانی ٹیم ٹیسٹ درجہ بندی کی فہرست میں اس وقت سب سے اوپر ہے ۔

TOPPOPULARRECENT