Wednesday , July 18 2018
Home / شہر کی خبریں / تازہ پھلوں کے مشروبات صحت کے لیے مفید ، بوتل بند مشروب مضر صحت

تازہ پھلوں کے مشروبات صحت کے لیے مفید ، بوتل بند مشروب مضر صحت

موسم گرما میں ناریل پانی ، موسمبی ، لیمو ، سنگترہ اور انگور فائدہ مند
حیدرآباد۔6اپریل(سیاست نیوز) موسم گرما کے دوران پانی اور ٹھنڈے مشروبات جو تازہ پھلوں سے تیار کئے جاتے ہیں ان کا استعمال صحت کیلئے مفید ہے اور بوتل بند مشروبات کے استعمال سے صحت پر مضر اثرات مرتب ہونے کے خدشات ہوتے ہیں اسی لئے تازہ پھلوں کے تیار کردہ مشروبات اور ناریل پانی کے استعمال میں اضافہ کرنا چاہئے ۔موسم گرما میں جسم سے پسینے کے ذریعہ پانی کے اخراج میں اضافہ ہوتا ہے اسی لئے پانی اور ناریل پانی کے زیادہ مقدار میں استعمال سے جسم میں پانی برابر ہوتا ہے اور لو لگنے کے خدشات میں کمی ہوتی ہے۔ جسم سے پانی کے اخراج اور گرمی کے باعث تلخی اور پیاس کے سبب ٹھنڈے مشروبات کی طلب میں اضافہ ہونے لگتا ہے لیکن ٹھنڈے مشروبات کی طلب کی صورت میں قدرتی اجزاء سے تیار کردہ مشروبات کا استعمال صحت کیلئے مفید ہوتا ہے لیکن اکثر بوتل بند مشروبات کا استعمال کیا جانے لگتا ہے جو کہ صحت کیلئے مضر ثابت ہوتا ہے۔ شہر حیدرآباد میں گرمی کی تمازت میں اضافہ کے ساتھ ہی ٹھنڈے مشروبات کی فروخت میں بھی اضافہ ہونے لگتا ہے۔ حکماء و اطباء کا کہناہے کہ گرمی کی تمازت سے بچنے اور لو لگنے سے محفوظ رہنے کیلئے موسمبی ‘ لیمو‘ سنگترہ‘ انگور کے مشروبات کا استعمال فائدہ بخش ثابت ہوتا ہے اور ان مشروبات میں ہلکا سا نمک ملا کر استعمال کرنے سے جسم سے خارج ہونے والے پسینہ کے اجزاء کی کمی نہیں ہوتی اور اسہال کی شکایت سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ موسم گرما کے دوران کیری کے آبشولہ کا استعمال بھی کافی مفید ہوتا ہے اسی طرح روزانہ ناریل پانی کا استعمال بھی انسانی جسم کے لئے مفید ثابت ہوتا ہے ۔ موسم گرما کے دوران ناریل پانی کے استعمال سے بلڈ پریشر پر قابو رہنے کے علاوہ جسم کو درکار ٹھنڈک میسر آتی ہے۔ اطباء کا کہنا ہے کہ گرمی سے نجات کیلئے لسی ‘ چھانچ اور پودینے کے شربت بھی مفید ہے اسی لئے ان قدرتی اشیاء کے مشروبات کے استعمال پر توجہ مبذول کرنی چاہئے ۔ بوتل بند مشروبات کے متعلق اطباء و حکماء کی رائے مشترک ہے اور ان ماہرین کا کہناہے کہ بوتل بند مشروبات عارضی ٹھنڈک تو پہنچاتے ہیں لیکن ان کے استعمال سے طویل مدتی امراض شکم کی شکایات رونما ہونے کا خدشہ پایا جاتاہے اس کے علاوہ کالے مشروبات جو بوتل بند ہوا کرتے ہیں ان میں شکر کی مقدار انسانی جسم کو کمزور کرنے کے علاوہ کئی امراض کا موجب بنتی ہے اسی لئے ان کے استعمال سے اجتناب کرنا چاہئے۔

TOPPOPULARRECENT