Thursday , September 20 2018
Home / اضلاع کی خبریں / تانڈور میں جشن تلنگانہ کے ضمن میں مشاعرہ کا انعقاد

تانڈور میں جشن تلنگانہ کے ضمن میں مشاعرہ کا انعقاد

سامعین کی کثیر تعداد محظوظ، ریاستی وزیر مہندر ریڈی کی عدم شرکت

سامعین کی کثیر تعداد محظوظ، ریاستی وزیر مہندر ریڈی کی عدم شرکت
تانڈور /7 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جشن تلنگانہ کے ضمن میں تانڈور میں مشاعرہ کا انعقاد عمل میں آیا، جس کی صدارت جناب محمد خواجہ امیر جماعت اسلامی ضلع رنگاریڈی نے کی، جب کہ نظامت کے فرائض سلیم ساحل نے انجام دیئے۔ احاطہ دفتر بلدیہ میں مسلم ویلفیر اسوسی ایشن تانڈور کے زیر اہتمام منعقدہ مشاعرہ میں محترمہ وجیہ لکشمی صدر نشین بلدیہ تانڈور مہمان خصوصی اور سید ساجد علی نائب چیرمین بلدیہ مہمان اعزازی تھے، جب کہ جناب خورشید حسین صدر مسلم ویلفیر اسوسی ایشن اور سید کمال اطہر سکریٹری اسوسی ایشن نے مہمان شعراء کا استقبال کیا۔ محمد زین الدین کنوینر مشاعرہ تھے۔ مہمان شعراء مسرز صلاح الدین نیر، رؤف خیر، چچا پالموری (محبوب نگر)، ایوب آتش، واحد نظام آبادی کے علاوہ خاتون شعراء محترمہ الزبیتھ کوئن (کیرالا)، تسنیم جوہر اور ضیاء برہانی نے اپنا اپنا کلام سناکر خوب داد حاصل کی۔ مقامی شعراء میں رفیق جگر، صدیق کوثر، قیوم باور، ڈاکٹر مقصود ساجد، ڈاکٹر محی الدین مقبول، ضیاء الدین ضیاء، فاروق ساحل اور ناظم تانڈوری نے کلام سنایا۔ مزاحیہ شعراء چچا پالموری اور ڈاکٹر مقبول کو سامعین نے بہت پسند کیا۔ سامعین کے مطالبہ پر نوجوان مقامی شاعر قیوم باور کو دوبارہ سنا گیا۔ بعض شعراء نے تلنگانہ کے گیت سے سامعین کو محظوظ کیا اور تلنگانہ تحریک میں شہید ہونے والے نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ مقامی رکن اسمبلی ڈاکٹر مہندر ریڈی وزیر ٹرانسپورٹ جشن تلنگانہ پروگرام میں شرکت کے لئے تانڈور آئے، لیکن مشاعرہ میں شرکت کے بغیر حیدرآباد روانہ ہو گئے۔

TOPPOPULARRECENT