Monday , July 16 2018
Home / شہر کی خبریں / تجارتی مقامات پر منفرد انداز کے کچرا دانوں کی تنصیب،راہگیروں کو سہولت کی فراہمی،سوچھ حیدرآباد مہم کے تحت بلدیہ کا فیصلہ

تجارتی مقامات پر منفرد انداز کے کچرا دانوں کی تنصیب،راہگیروں کو سہولت کی فراہمی،سوچھ حیدرآباد مہم کے تحت بلدیہ کا فیصلہ

 

حیدرآباد۔4فروری(سیاست نیوز) شہر کی سڑکوں بالخصوص تجارتی مقامات پر اب منفرد طرز کے عالمی معیار والے کچرے دان نظر آئیں گے۔ شہر کے تجارتی علاقو ںمیں صفائی کو یقینی بنانے کے لئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے اسٹیل کے کچرے دانوں کی تنصیب کا عمل شروع کیا ہے اور یہ کچہرے دان تجارتی علاقو ںمیں سڑکوں سے متصل ہوں گے۔راہگیر ان کچرے دانو ںمیں کوڑا کرکٹ وغیرہ ڈال سکیں گے تاکہ سڑکوں کو صاف رکھنے میں مدد مل سکے۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے شہر حیدرآباد میں ’’ سوچھ حیدرآباد‘‘ مہم کے تحت ان کچرے دانوں کی تنصیب کا فیصلہ کیا ہے جو کہ شہر کے تمام بلدی زونس میں نصب کئے جا رہے ہیں۔بتایا جاتاہے کہ دونوں شہروںمیں تجارتی علاقوں امیر پیٹ‘ پنجہ گٹہ‘ خیریت آباد‘ چارمینار‘ پتھر گٹی‘ راجندر نگر ‘ مہدی پٹنم‘ ٹولی چوکی‘ کونڈہ پور‘ جوبلی ہلز‘ بنجارہ ہلز‘ اپل‘ دلسکھ نگر کے علاوہ شہر کے دیگر مقامات کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کچرے دانوں کی تنصیب کا عمل شروع کیا جا چکا ہے اور ان کچرے دانوں سے دن میں دو مرتبہ کچرے کی نکاسی کی منصوبہ بندی کی گئی ہے تاکہ کچرے دانوں کی صفائی کے ساتھ ساتھ شہریوں کو بھی کوڑا کرکٹ پھینکنے کیلئے جگہ کچرا دان دستیاب رہے۔اسٹیل کے عالمی معیار کے ان کچرے دانوں کی تنصیب کے سلسلہ میں عہدیداروں کا کہنا ہے کہ شہر حیدرآبادکو عالمی معیار کے شہروں کی فہرست میں نمایاں مقام کیلئے کی جانے والی کوششوں میں سب سے اہم صفائی اور کچرے کی نکاسی ہے۔اسی لئے تجارتی علاقو ںمیں راہ چلتے کچرا پھینکنے کے نظریہ کے خاتمہ کیلئے ضروری ہے کہ راہگیروں کو سہولت کی فراہمی کے بعد ان سے توقع کی جائے کہ وہ شہر کو پاک وصاف رکھنے میں تعاون کریں گے اور سڑکوں پر کچرا پھینکنے سے اجتناب کریں گے۔بتایاجاتاہے کہ راجندر نگر ‘ مہدی پٹنم اور چارمینار کے قریب ان نئے کچہرے دانوں کی تنصیب کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے اور بہت جلد شہر کے دیگر نشاندہی کردہ علاقوں میں بھی ان کچرے دانوں کی تنصیب کا عمل مکمل کرلیا جائے گا۔شہر حیدرآباد میں صفائی کو یقینی بنانے کے لئے ایڈیشنل کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر روی کرن کی نگرانی میں بلدی عہدیداروں کی جانب سے شب و روز متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں اور ان اقدامات پر مؤثر عمل آوری کا جائزہ لیا جا رہا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT