Tuesday , December 12 2017
Home / شہر کی خبریں / تجارت کو آسان بنانے میں تلنگانہ کو سرفہرست مقام

تجارت کو آسان بنانے میں تلنگانہ کو سرفہرست مقام

قومی سطح کی درجہ بندی میں انکشاف ، آندھرا پردیش کیساتھ مستقبل میں مسابقت
حیدرآباد۔ 10اکٹوبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ نے ملک بھر میں تجارت کو آسان بنانے والی ریاستوں میں اپنے سر فہرست موقف کو برقرار رکھنے میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔ قومی سطح پر کی گئی درجہ بندی میں ریاست تلنگانہ کو اول مقام حاصل ہوا ہے جبکہ معمولی فرق سے ریاست آندھرا پردیش نمبر دو ریاست کا موقف برقرار رکھے ہوئے ہے۔ مرکزی وزارت کامرس کے تحت خدمات انجام دینے والے ادارے ڈپارٹمنٹ آف انڈسٹریل پالیسی اینڈ پروموشن کی جانب سے کی گئی درجہ بندی میں ریاست تلنگانہ کو سر فہرست مقام حاصل ہوا ہے اور ریاست آندھرا پردیش کو دوسرا مقام حاصل ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ریاست آندھرا پردیش صرف 0.1فیصد سے تلنگانہ سے پیچھے ہے ریاست تلنگانہ کو دیئے گئے سر فہرست مقام کی تفصیل کے بموجب ریاست میں تجارت‘ سرمایہ کاری‘ صنعتوں کے آغاز میں آسانیاں فراہم کرنے والی ریاست کی حیثیت سے 96.98فیصد نشانات حاصل ہوئے ہیں جبکہ ریاست آندھرا پردیش کو 96.97فیصد نشان حاصل ہوئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ میں تجارت میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے روشناس کروائی گئی آن لائن درخواستوں کے ادخال کی سہولتوں کے سبب ریاست میں تجارت و صنعتوں کو کافی سہولت میسر آئی ہیں۔ ریاست میں تجارت کے آغاز یا صنعتوں کے قیام کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے طور پر آن لائن درخواستوں کی شفافیت کے ساتھ یکسوئی کے سبب تجارتی برادری اور صنعتکار تلنگانہ کی سمت راغب ہو رہے ہیں۔ستمبر 2015میں کی گئی درجہ بندی میں ریاست تلنگانہ کو 13واں مقام حاصل ہوا تھا اور ریاست آندھرا پردیش اس وقت بھی دوسرے نمبر پر تھی جبکہ اندرون دو سال تلنگانہ نے سرفہرست مقام حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔ جولائی 2016میں کی گئی درجہ بندی میں ریاست تلنگانہ نے دوسرا مقام حاصل کیا تھا جبکہ آندھرا پردیش کے موقف میں زبردست گراوٹ ریکارڈ کی گئی تھی اور آندھرا پردیش 19ویں مقام پر پہنچ گیا تھا۔ اس دوران ریاست گجرات سرفہرست تھی جو اب تیسرے نمبر پر پہنچ چکی ہے۔ ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات نے ریاست میںسرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے علاوہ صنعت کاروں کے ریاست میں صنعتوں کے قیام میں دلچسپی ظاہر کرنے کیلئے مجبور کر دیا ہے۔ بتایا جا تا ہے کہ ریاست تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے درمیان معمولی فرق کے سبب دونوں ریاستوں میں آئندہ دنوں میں زبردست مسابقت پیدا ہوگی جس کا راست فائدہ سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کو پہنچے گا اور دونوں ہی ریاستوں کی جانب سے تجارت و صنعت کے آغاز میں مزید آسانیاں پیدا کرتے ہوئے صنعتکاروں و تجارتی گھرانوں کو مراعات کی فراہمی کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT