Sunday , December 17 2017
Home / شہر کی خبریں / تحریک تلنگانہ اور ریاست تلنگانہ کو نشانہ بنانا مذاق کے مترادف

تحریک تلنگانہ اور ریاست تلنگانہ کو نشانہ بنانا مذاق کے مترادف

حیدرآباد۔17اگست(سیاست نیوز)چھوٹی چھوٹی غلطیوں پر تلنگانہ تحریک اور علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کو نشانہ بنانا غلط اور تلنگانہ تحریک کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔ حکمران جماعت کو مکمل موقع دینا اورعوامی ترقی کے لئے حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کا ساتھ دینا سنہری تلنگانہ ریاست کی تشکیل میں پہل ثابت ہوگا اور نئی ریاست کی تشکیل کے بعد تلنگانہ سے کارپوریٹ طبقے کی اجارہ داری کا خاتمہ علیحدہ تلنگانہ جدوجہد کی بڑی کامیابی ہے۔ چیرمین تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی پروفیسر کودنڈارام نے آج یہاں این جی اوز اسٹاف اسوسیشن عثمانیہ یونیورسٹی‘ ٹیکنیکل اسٹاف اسوسیشن عثمانیہ یونیورسٹی‘ ایمپلائز یونین عثمانیہ یونیورسٹی کے زیر اہتمام منعقدہ عید میلاپ تقریب سے خطاب کے دوران یہ تاثرات پیش کئے۔ انہوں نے ہر بات پر تلنگانہ تحریک کو ذمہ دار ٹھہرانے سے گریز کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہاکہ تلنگانہ مخالفین اپنی سازشوں کے ذریعہ تلنگانہ ریاست کی ترقی میں رکاوٹیں کھڑی کررہے ہیں اور سازش کے تحت علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کو بدنام کرنے کی کوششیںکررہے ہیں جس کا منھ توڑ جواب دینے کے لئے تلنگانہ کی چار کروڑ عوام کا اتحاد ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ دیر سے ہی سہی مگر تلنگانہ کی عوام کو درپیش مسائل کا حل یقینی ہے مگر ساٹھ سالوں میںغیرعلاقائی حکمرانوں کی کوتاہیوں کو اتنا جلدی ختم کرنے کے مطالبات حکمران جماعت کے ساتھ زیادتی ہوگی۔ پروفیسر کودنڈارام نے سرکاری ملازمین بالخصوص عثمانیہ یونیورسٹی کے عملے کو درپیش مسائل کے حل کا یقین دلاتے ہوئے کہاکہ تلنگانہ تحریک سے ہم بے شمار سبق سیکھے ہیں جس سے مستقبل میں ہم استفادہ بھی اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے تلنگانہ کی ترقی میںرکاوٹ بننے والے غیر علاقائی سیاسی جماعتوں پر اپنی توجہہ مرکوز کرنے کا ملازمین کو مشورہ دیا۔ رجسٹرار عثمانیہ یوینورسٹی ای سریش کمار‘ رکن اسمبلی محبو ب نگر سرینو اس گوڑ‘ سابق صدر ٹی این جی اوز دیوی پرساد‘ صدر ٹی این جی اوزرویند رریڈی‘ جنرل سکریٹری عبدالحمید‘صدر گریٹر حیدرآباد ایس ایم حسینی مجیب‘ صدر ٹی جی اوز گریٹر حیدرآباد کرشنا یادو‘ جنرل سکریٹری اے ستیا نارائنہ کے علاوہ دیگر نے بھی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عثمانیہ یونیورسٹی کے علاوہ ریاست کے دیگر سرکاری ملازمین کے ساتھ انصاف کا یقین دلایا۔منتظمین کی جانب سے تمام مہمانوں کی گلپوشی اور ان کو تہنیت پیش کی گئی۔

TOPPOPULARRECENT