Tuesday , November 21 2017
Home / پاکستان / تحریک طالبان کے کمانڈر کی گرفتاری کا دعویٰ

تحریک طالبان کے کمانڈر کی گرفتاری کا دعویٰ

اسلام آباد ۔ 19 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع دیر بالا میں پولیس نے کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان سے تعلق رکھنے والے ایک شدت پسند کمانڈر کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جن کی گرفتاری پر دس لاکھ روپے انعام مقرر کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق ولی محمد نامی شدت پسند کمانڈر کو گذشتہ روز دیر بالا کے دور افتادہ علاقے اوشیرئی تارپتار سے ایک آپریشن کے دوران گرفتار کیا گیا۔ تھانہ گندئیگار کے ایک اہلکار ابراہیم خان نے بتایا کہ پولیس کی بھاری نفری علاقے میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن میں مصروف تھی کہ اس دوران شدت پسند کمانڈر کو ایک مکان سے حراست میں لیا گیا۔ انھوں نے بتایا کہ گرفتار ہونے والے ٹی پی پی کے کمانڈر کے سر پر حکومت کی جانب سے دس لاکھ روپے کا انعام مقرر تھا۔ اہلکار کے مطابق کمانڈر ولی محمد پولیس کو پانچ مختلف مقدمات میں مطلوب تھے جن میں تین دہشت گردی کے واقعات بھی شامل ہیں۔ انھوں نے مزید بتایا کہ حراست میں لیے جانے والے کمانڈر نے چند سال پہلے تھانہ گندئیگار پر ساتھیوں سمیت حملہ کیا تھا، جس میں ایک پولیس اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوئے تھے ۔ انھوں نے کہا کہ گرفتار کمانڈر کو تفتیش کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT