Wednesday , April 25 2018
Home / سیاسیات / تحریک عدم اعتماد سے مودی حکومت کو خطرہ نہیں :اننت کمار

تحریک عدم اعتماد سے مودی حکومت کو خطرہ نہیں :اننت کمار

بنگلورو ۔ /17 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر پارلیمانی امور اننت کمار نے تلگودیشم پارٹی کی طرف سے تحریک عدم اعتماد کی پیشکشی کے پیش نظر نریندر مودی کے زیرقیادت حکومت کو کسی خطرہ کے اندیشوں کو مسترد کردیا اور کہا کہ این ڈی اے کو پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اتحاد حاصل ہے ۔ اننت کمار نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی اس تحریک عدم اعتماد کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہے ۔ ’’میں کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ ہمیں ایوان کے اندر اور باہر اعتماد حاصل ہے اور یہی وجہ ہے کہ بی جے پی اس تحریک عدم اعتماد کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہے ۔ اننت کمار نے کرناٹک اسمبلی انتخابات سے قبل نکالی گئی بنگلورو بچاؤ یاترا کے دوران اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مودی مکمل اکثریت کے ساتھ اقتدار پر فائز ہوئے تھے اور این ڈی اے دو تہائی اکثریت حاصل کیا تھا ۔
آندھراپردیش کو خصوصی موقف دینے سے مرکز کے انکار کے بعد تلگودیشم پارٹی کی بی جے پی کے زیرقیادت این ڈی اے سے علحدہ اور مودی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی پیشکش سے متعلق ایک سوال پر اننت کمار نے یہ ریمارک کیا ۔ اننت کمار نے کہا کہ تلگودیشم نے چند مسائل کو ذہن میں رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ہے ۔ حالانکہ آندھراپردیش کے قیام کے بعد نریندر مودی حکومت نے فراخدلانہ طور پر 24000 کروڑ روپئے کی گرانٹ جاری کی ہے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملک کی کسی بھی ریاست کو اس طرح فنڈس وصول نہیں ہوئے جس طرح آندھراپردیش کو نئے صدر مقام پولاورم پراجکٹ قومی شاہراہوں ، آبپاشی اور غریبوں کے لئے گھروں کی تعمیر کے لئے فنڈس حاصل ہوئے ہیں ۔

TOPPOPULARRECENT