Friday , December 15 2017
Home / شہر کی خبریں / ترقی کی بات کرنے والے راہول نے امیٹھی کو نظرانداز کردیا

ترقی کی بات کرنے والے راہول نے امیٹھی کو نظرانداز کردیا

راجیوگاندھی فاؤنڈیشن سے کسانوں کی اراضی واپس کرنے کا مطالبہ ، اس بار بی جے پی کامیاب ہوگی ، مرکزی وزیر سمرتی ایرانی کا دعویٰ

امیٹھی ۔ 10 اکتوبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر سمرتی ایرانی نے آج کانگریس نائب صدر راہول گاندھی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ راجیو گاندھی فاؤنڈیشن نے کسانوں سے حاصل کی گئی زمین اب تک واپس نہیں کی ہے ۔ وہ آج کانگریس کے طاقتور گڑھ اور راہول گاندھی کے پارلیمانی حلقہ امیٹھی میں جلسہ عام سے خطاب کررہی تھیں۔ بی جے پی صدر امیت شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ سمرتی ایرانی نے کہاکہ راہول گاندھی کسانوں کو راحت کی بات کرتے ہیں لیکن راجیوگاندھی فاونڈیشن نے اُن سے جو اراضی حاصل کی ہے وہ اب تک واپس نہیں کی گئی ۔ انھوں نے کہاکہ وہ ایسے افراد سے خطاب کرنے کیلئے یہاں پہونچی ہیں جو امیٹھی کو صرف ووٹ بینک کی نظر سے دیکھتے ہیں ، یہاں کوئی کلکٹر آفس نہیں ہے ۔ اگر راہول گاندھی میری بات سن رہے ہیں تو میں یہ بتانا چاہوں گی کہ وہ ملک میں اور ملک کے باہر ہمیشہ ترقی کی بات کرتے ہیں ، وہ گجرات میں ترقی کا مذاق اُڑاتے ہیں۔ سائیکل فیکٹری جو سمراٹ کے نام سے مشہور ہے اسے بند کرنے کا حوالہ دیتے ہوئے سمرتی ایرانی نے کہاکہ ملک کو اس وقت حیرت ہوئی جب راہول گاندھی کے زیرقیادت راجیو گاندھی فاؤنڈیشن نے جس کی کوئی تجارتی سرگرمیاں نہیں ہے اسے خرید لیا ہے ۔ انھوں نے کہاکہ یہ اراضی کسانوں کو واپس دی جانی چاہئے ۔ سمرتی ایرانی نے 2015 ء میں یہ کہتے ہوئے ایک نیا تنازعہ کھڑا کردیا تھا کہ کانگریس قیادت نے کسانوں سے تقریباً 65 ایکر اراضی حاصل کی ہے اور وہ سمراٹ سائیکل مینوفیکچرنگ یونٹ قائم کررہی ہے جبکہ یہ پراجکٹ اب تک شروع بھی نہیں ہوا ہے ۔

انھوں نے بتایا کہ 2017 ء اسمبلی انتخابات میں امیٹھی کی پانچ کی منجملہ چار نشستوں پر بی جے پی نے کامیابی حاصل کی ۔ انھوں نے کہا کہ 2019 ء لوک سبھا انتخابات میں اس حلقہ سے بی جے پی کامیاب ہوگی۔ 2014 ء انتخابات کے دوران سمرتی ایرانی نے کہا تھا کہ وہ ایک ایسے گاؤں بھی گئی ہیں جہاں لوگ انتخابات کا بائیکاٹ کررہے تھے ۔ جب انھوں نے پوچھا تو گاؤں والوں نے بتایا کہ وہ کبھی اپنے لیڈر سے ملاقات نہیں کرسکے ۔ اُس وقت سمرتی نے کہاکہ راہول گاندھی یہاں نہیں آتے ہیں لیکن وہ ہمیشہ اُن کے لئے دستیاب رہیں گی ، چنانچہ انھوں نے رائے دہی میں حصہ لینے کی درخواست کی ۔ سمرتی ایرانی نے 2014ء میں راہول گاندھی کے خلاف امیٹھی میں زبردست مہم چلائی تھی اور راہول گاندھی کو جہاں 4,08,651 ووٹ حاصل ہوئے وہیں سمرتی ایرانی نے 3,00.748 ووٹ حاصل کئے تھے ۔ اگرچہ سمرتی ایرانی کو امیٹھی میں شکست ہوئی لیکن انھوں نے 2009 ء انتخابات میں جہاں 1.07 لاکھ ووٹ حاصل کئے تھے وہیں اس بار 3.70 لاکھ ووٹ حاصل کرتے ہوئے فرق کو کافی کم کیا ۔ انھوں نے کل ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سابق کانگریس رکن اسمبلی نے 60 تا 70 دیہاتوں کے پردھانوں کے ساتھ بی جے پی میں شمولیت اختیار کی ہے ۔ انھوں نے کہاکہ عوام راہول گاندھی سے سخت ناراض ہیں جنھوں نے اپنے حلقہ کو نظرانداز کردیا ہے ۔ انھوں نے کہاکہ کانگریس کی ایک بڑی تعداد بھی اب پارٹی سے دور ہوتی جارہی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT