ترکی : کوئلہ کان میں حادثہ ، 245 ہلاک

سوما (ترکی) ، 14 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ترکی کے مغربی حصے کی ایک کان میں دھماکے کے بعد پھنس کر رہ جانے والے افراد کو بچانے کی کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ اب تک اس حادثے میں 245 سے زائد افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ حکام کے مطابق اب بھی سینکڑوں افراد زمین کے اندر اس کان میں پھنسے ہوئے ہیں اور کل رات گئے بھی ان افراد کو بچانے کی کارروائیاں جاری رہیں۔ ترکی کی قدرتی آفات سے تحفظ کی ایجنسی ’AFAD‘ نے منگل کی سہ پہر کوئلے کی اس کان میں دھماکے کے بعد آگ لگ جانے کے واقعے میں 17 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی،

تاہم ہلاکتوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔ کان کنوں کی یونین کے سربراہ نوریتن آکل نے کہا ہے کہ اس کان میں پھنسے ہوئے افراد کی تعداد دو سو سے تین سو کے درمیان ہے۔ ان افراد کو بچانے کیلئے جاری سرگرمیوں میں وقت کی اہمیت بہت زیادہ ہے اور ہر گزرے لمحے کے ساتھ ان افراد کے بچنے کی امیدیں کم ہوتی جا رہی ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز ترک صوبے منیسا کے علاقے سوما میں واقع اس کان میں پیش آئے حادثے کی ابتدائی وجہ بجلی کے نظام میں خرابی بتائی جا رہی ہے، جس کی وجہ سے آگ لگی۔ حکام کے مطابق آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔ تاہم اس کان میں شدید دھواں بھر چکا ہے۔ ایک اور سینئر عہدہ دار نے ہلاکتوں کی تعداد بتانے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ فی الحال تمام تر توجہ پھنسے ہوئے کان کنوں کو بچانے پر مرکوز ہے۔

ترک وزیر اعظم رجب طیب اردغان نے اپنے مختصر ٹیلی ویژن پیغام میں کہا، ’’مجھے امید ہے کہ اگلے کچھ گھنٹوں میں صورتحال واضح ہو جائے گی۔‘‘ اس حادثے کے بعد اردغان نے البانیہ کا اپنا مجوزہ دورہ بھی منسوخ کر دیا ہے۔ وہ آج استنبول سے 230 کلومیٹر دور واقع متاثرہ علاقہ صوما پہنچ رہے ہیں۔ سرکاری نیوز ایجنسی نے اس کان کی مالک کمپنی سوما ہولڈنگ کا پیغام نشر کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ کمپنی اپنے کارکنوں کو بچانے کی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔ اس کمپنی کے مطابق کان کی سیفٹی کی جانچ دو ماہ قبل ہی کرائی گئی تھی۔

TOPPOPULARRECENT