Saturday , May 26 2018
Home / کھیل کی خبریں / ترک صدر اردغان کے ساتھ جرمن فٹبالرزکی تصویر پر تنقید

ترک صدر اردغان کے ساتھ جرمن فٹبالرزکی تصویر پر تنقید

برلن۔16 مئی (سیاست ڈاٹ کام) جرمن سیاستدانوں اور فٹبال فیڈریشن نے لندن میں ترک صدر رجب طیب اردغان کے ساتھ جرمن فٹبالرز کی تصاویر پر ان کھلاڑیوں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انگلش کلبز میں کھیلنے والے ترک نژاد جرمن کھلاڑیوں مسعود اوزل اور ایلکے گندوگان نے لندن میں ایک فلاحی تقریب کے دوران ترک صدر کو اپنی دستخط شدہ ٹی شرٹس پیش کی اور ملاقات میں گندوگان نے انہیں میرے معزز صدر کہہ کر مخاطب کیا۔اوزل آرسنل جبکہ گندوگان مانچسٹر سٹی کے کھلاڑی ہیں اور دونوں ہی ورلڈ کپ میں دفاعی چیمپیئن جرمنی کے اسکواڈ کا حصہ ہو سکتے ہیں۔ جرمن سیاستدانوں نے اپنے فٹبالرز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے جرمنی کے جمہوری اقدار پر سوالات اٹھائے۔ فٹبال فیڈریشن کے صدرنے کہا کہ ترک صدر نے جمہوری اقدار کا احترام نہیں کیا اور یہ اچھی بات نہیں کہ ہمارے بین الاقوامی کھلاڑی ان کی انتخابی مہم کا حصہ بنیں۔ اس تنقید کے بعد ایلکے گندوگان نے کہا کہ ان کی ترک صدر کے ساتھ ملاقات ترک طالب علموں کی مدد کرنے والی ترک فاونڈیشن کی تقریب میں ہوئی تھی۔انہوں نے سیاستدانوں اور فیڈریشن سے سوال کیا کہ کیا وہ اپنے والدین کے ملک کے صدر کے ساتھ بدسلوکی کرتے؟ ان تصاویر کا کوئی سیاسی مقصد نہیں تھا۔

آئر لینڈ کو دورۂ پاکستان کی دعوت
کراچی ۔16 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ ملک میں بین الاقوامی کرکٹ واپس لانے کیلئے سرتوڑ کوششیں کررہا ہے۔ اس کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے آئرلینڈ کی کرکٹ ٹیم کی میزبانی کی خواہش ظاہر کی ہے۔ انہوں نے میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آئر لینڈ کرکٹ ٹیم پاکستان آئے میں اور پاکستانی عوام اسے خوش آمدید کہنے کے لئے تیار ہیں۔

TOPPOPULARRECENT