Monday , December 11 2017
Home / دنیا / ترک عدالت کا انسانی حقوق کے آٹھ کارکنوں کی رہائی کا حکم

ترک عدالت کا انسانی حقوق کے آٹھ کارکنوں کی رہائی کا حکم

انقرہ ۔ 26 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ترکی کی ایک عدالت نے انسانی حقوق کیلئے سرگرم آٹھ زیر حراست کارکنوں کو جیل سے رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ یہ حکم کم از کم اس وقت تک مؤثر رہیگا جب تک ان افراد پر دہشت گردی سے متعلق الزامات کی عدالتی سماعت جاری ہے۔ترکی میں ایمنسٹی انٹرنیشنل کی سربراہ اِیدل اَیسر، جرمن شہری پیٹر شٹوئڈٹنر اور سویڈش باشندے علی غراوی سمیت ان افراد کو اس سال جولائی میں اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب وہ ایک ڈیجیٹل سکیورٹی ٹریننگ ورکشاپ میں شریک تھے۔ ان گرفتاریوں کے بعد ترک صدر رجب طیب اردغان کے خود پسندانہ طرز حکومت کے حوالے سے خدشات میں اضافہ ہو گیا تھا۔ استنبول کی ایک عدالت نے اس مقدمے کی اولین سماعت کے دوران وہاں موجود دس ملزمان میں سے آٹھ کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ اب یہ آٹھوں ملزمان کم از کم اس مقدمے کے فیصلے تک جیل سے باہر رہیں گے۔
دیگر دو افراد کو پہلے ہی جیل سے رہا کر دیا گیا تھا۔گیارہویں ملزم اور ایمنسٹی انٹرنیشنل ترکی کے چیئرمین تانَیر کیلِچ پر ایک دوسرے شہر میں مقدمہ چلایا جا رہا ہے اور وہ ابھی جیل ہی میں رہیں گے۔
جن دس ملزمان کی حراست کے بارے میں عدالت نے سماعت کے پہلے روز اپنا حکم سنایا، ان پر استغاثہ کی طرف سے ملک سے بغاوت اور علیحدگی پسند کردوں کے علاوہ بائیں بازو کے عسکریت پسندوں کی معاونت کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔انسانی حقوق کے انہی کارکنوں پر امریکہ میں مقیم ترک جلا وطن مبلغ فتح اللہ گولن کی تحریک کے لیے کام کرنے کا بھی الزام ہے۔ اگر ان ملزمان کے خلاف الزامات ثابت ہو گئے، تو ان میں سے ہر کسی کو پندرہ برس تک قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنے ان کارکنوں کی فی الحال رہائی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تنظیم ترکی میں انسانی حقوق کا دفاع جاری رکھے گی۔جرمن وزیر خارجہ زیگمار گابریئل نے بھی جرمن شہری شٹوئڈنر کی رہائی کے عدالتی حکم کا خیر مقدم کیا ہے۔ گابریئل نے کہا کہ برلن حکومت کو امید ہے کہ ترکی میں مختلف مقدمات میں زیر حراست دیگر جرمن شہریوں کو بھی جلد ہی رہا کر دیا جائے گا۔

 

TOPPOPULARRECENT