Saturday , December 16 2017
Home / ہندوستان / تریپورہ میں بی جے پی۔کمیونسٹ کارکنوں میں جھڑپ،25زخمی

تریپورہ میں بی جے پی۔کمیونسٹ کارکنوں میں جھڑپ،25زخمی

تری پورہ۔12اکتوبر(سیاست ڈاٹ کام) تری پورہ کے کاکرا بون سب ڈویژن میں مارکسوادی کمیونسٹ پارٹی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے حامیوں کے درمیان ہونے والی جھڑپ میں تقریباً 25افراد زخمی ہوگئے ۔سبھی زخمیوں کو ادے پور کے ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیاہے ۔موصولہ اطلاع کے مطابق کل مرزا تحصیل میں ووٹرزلسٹ میں تصحیح کیلئے سماعت کے وقت یہ واقعہ ہوا۔بعد میں ایس ڈی پی او راجندر دتہ پولیس فورس اور ٹی ایس آر کے کے سپاہیوں کے ساتھ پہنچے اور حالات کو قابومیں کیا۔مارکسوادی کمیونسٹ پارٹی کا الزام ہے کہ علاقہ کے بی جے پی کارکن سوپن کر نے تحصیل آفس کے نزدیک اپنی موٹر سائیکل سے مارکسوادی کمیونسٹ پارٹی کے کارکن کرشنا دیب ناتھ کو ٹکرماری تھی۔اس کے بعد توتو میں ہوئی اور بعد میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے تقریباً 50 کارکنوں نے ضلع کی بی جے پی یونٹ کے نائب صدر جیتوبدرا مجمدار کی قیادت میں حملہ کیا۔مارکسوادی کمیونسٹ پارٹی کے کارکن بجوئے چکرورتی نے الزام عائد کیا کہ اس واقعہ میں پارٹی کے کم از کم 12کارکن زخمی ہوئے ہیں۔ضلع کی بی جے پی یونٹ کے جنرل سکریٹری روپک ادھیکاری نے اسے بے بنیاد قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ یہ مارکسوادی کمیونسٹ پارٹی کی منظم سازش تھی،جس میں ان کی پارٹی کے 13کارکن زخمی ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مارکسوادی پارٹی کو معلوم ہے کہ وہ اس انتخابات میں نہیں جیتیں گے ،اسلئے انہوں نے جان بوجھ کر پارٹی کے کارکنوں پر حملہ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مارکسوادی کمیونسٹ پارٹی کے 24کارکنوں کے خلاف رپورٹ درج کرائی جائے گی۔دوسری جانب بجوئے رائے چکرورتی نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے سات کارکنوں کے خلاف رپورٹ درج کرائیں گے ۔دریں اثنا پولیس نے اطلاع دی کہ ابھی تک کوئی رپورٹ درج نہیں کرائی گئی ہے ،لیکن حالات کنٹرول میں ہے ،زخمیوں کا اسپتال میں علاج چل رہاہے ۔ریاست میں جلدہی اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں،اور ایسے حالات میں اس واقعہ کے بعد مقامی لوگ دہشت زدہ ہیں۔

TOPPOPULARRECENT