Monday , November 20 2017
Home / شہر کی خبریں / تعطیلات کے باعث خانگی بس آپریٹرس کی من مانی مسافروں سے تین گنا کرایہ وصول

تعطیلات کے باعث خانگی بس آپریٹرس کی من مانی مسافروں سے تین گنا کرایہ وصول

حیدرآباد۔ 22 اکتوبر (سیاست نیوز) دسہرہ تہوار کی طویل تعطیلات کا سب سے زیادہ فائدہ خانگی بس آپریٹرس اور دیگر سواریوں نے اٹھایا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ دسہرہ کی تعطیلات منانے کیلئے حیدرآباد میں مقیم کئی شہریوں نے اپنے آبائی وطن کا رُخ کیا۔ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے خانگی بس آپریٹرس جن کا عام طور پر کرایہ 1200 تا 1500 روپئے ہوتا ہے، انہوں نے دسہرہ کے موقع پر مسافروں سے 3 ہزار اور اس سے زیادہ کرایہ وصول کیا۔ دسہرہ اور یوم عاشورہ کی تعطیلات کی وجہ سے مکمل ایک ہفتہ کام کاج بند رہا۔ سرکاری دفاتر کے علاوہ خانگی اداروں میں بھی تعطیلات دی گئی ہیں جس کے سبب حیدرآباد میں سڑکیں سنسان نظر آرہی ہیں۔ حیدرآباد سے دیگر مقامات جیسے وجئے واڑہ ، بنگلور ، چینائی، ممبئی چلائی جانے والی بسوں کا کرایہ عموماً اے سی سلیپر کیلئے 1200 تا 1500 روپئے لئے جاتے ہیں، لیکن اس مرتبہ زائد از 3 ہزار روپئے لیا گیا۔ تہوار کے باعث شہر حیدرآباد کی سڑکوں پر ٹریفک میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔ ٹریفک پولیس کیلئے یہ ایک بڑی راحت ثابت ہوئی۔ مصروف ترین سڑکیں جیسے پنجہ گٹہ، بیگم پیٹ، ٹولی چوکی ، مہدی پٹنم، لکڑی کا پل ،دلسکھ نگر ، ملک پیٹ ، چادر گھاٹ پل پرٹریفک کم دیکھی گئی۔ مارکٹ میں بھی خریداروں کا ہجوم نہیں تھا ۔

TOPPOPULARRECENT