Monday , December 11 2017
Home / شہر کی خبریں / تعلیم اور طبی میدان میں مزید ترقی کرنے کی ضرورت : وینکیا نائیڈو

تعلیم اور طبی میدان میں مزید ترقی کرنے کی ضرورت : وینکیا نائیڈو

سورنا بھارت ٹرسٹ میں کورس کا وینکیا نائیڈو اور محمد محمود علی کے ہاتھوں افتتاح
شمس آباد ۔ 26 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : شمس آباد کے موضع مچنتل میں واقع سورنا بھارت ٹرسٹ میں نائب صدر جمہوریہ ہند وینکیا نائیڈو نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے دو کورسیس ہیوی موٹر سیکل ڈرائیونگ اسکول اور ایل اینڈ ٹی اسمارٹ ورلڈ کمیونیکیشن اسکل ڈیولپمنٹ کا افتتاح انجام دیا ۔ جناب محمد محمود علی ڈپٹی چیف منسٹر نے مفت میڈیکل کیمپ کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر وینکیا نائیڈو ، جناب محمود علی اور ہریش راؤ نے سورنا بھارت ٹرسٹ کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے ٹرسٹ کے فارما ، کمپیوٹر ، الکٹریکل ہلوس وائرنگ ، اے سی ریپیرنگ ، پلمبرس ، چار پہیوں کی ریپیرنگ ، انڈسٹریل مشن ، بیوٹیشن کے کلاسیس کا جائزہ لیا ۔ مفت میڈیکل کیمپ میں تقریبا 600 مریضوں نے شرکت کی اور بعض مریضوں کو دل کے علاج کے لیے حیدرآباد کے دواخانوں میں مفت علاج کرانے کا تیقن دیتے ہوئے تمام مریضوں میں ادویات تقسیم کی گئی ۔ رینبو ہاسپٹل اور اسٹار ہاسپٹل اور سورنا بھارت ٹرسٹ نے مل کر مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا تھا ۔ سورنا بھارت ٹرسٹ میں مختصر مدتی کورس کی تکمیل کرنے والے طلباء میں اسنادات تقسیم کئے گئے ۔ وینکیا نائیڈو نے اپنی مخاطبت میں کہا کہ ہمارا ملک تعلیم اور طبی میدان میںکافی پیچھے ہوگیا ہے ۔ دونوں شعبوں میں مزید ترقی کرنے کی ضرورت ہے ۔ ہندوستان ترقیاتی ممالک میں شمار کیا جاتا ہے ۔ اس کے باوجود تعلیم اور طبی میدان میں کافی محنت کرنے کی ضرورت ہے ۔ ریاست تلنگانہ قائم ہونے کے بعد سورنا بھارت ٹرسٹ حیدرآباد کے مچنتل علاقہ میں قائم کیا گیا ہے ۔ اس ٹرسٹ میں مختصر مدتی کورس شروع کئے گئے ہیں جس میں ہزاروں طلباء شرکت کرتے ہوئے کورس تکمیل کرتے ہوئے ملازمت بھی حاصل کررہے ہیں ۔ ملک بھر میں ٹرٹسوں کو قائم کرتے ہوئے ملازمت کے مواقع فراہم کرنے چاہئے جس سے بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا ۔ جناب محمود علی ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ سورنا بھارت ٹرسٹ بہترین خدمات انجام دیتے ہوئے نوجوانوں کو ملازمت کے مواقع فراہم کررہا ہے ۔ اس ٹرسٹ کے ذریعہ عوام کو خاص کر نوجوانوں کو کورس میں داخلہ حاصل کرنے کا موقع مل رہا ہے استفادہ کرتے ہوئے ملازمت حاصل کرنا چاہئے ۔ جس سے بے روزگاری کا خاتمہ اور غربت میں کمی ہوگی ۔ ہریش راؤ وزیر آبپاشی نے اپنی مخاطبت میں تلنگانہ حکومت کی جانب سے سورنا بھارت ٹرسٹ اور وینکیا نائیڈو کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بے روزگار نوجوانوں کو ملازمت اور مختصر مدتی کورس میں داخلہ دے کر ان کی قابلیت اور ہنر کو صحیح ڈھنگ سے پیش کرتے ہوئے ان میں جستجو پیدا کی جارہی ہے ۔ جس سے ریاست میں بے روزگاری کے خاتمہ کے لیے ٹرسٹ اہم کردار ادا کررہا ہے ۔ اس پروگرام میں آندھرا پردیش وزیر کامنینی سرینواس ، ملا ریڈی رکن پارلیمنٹ ، کشن ریڈی ، ایل اینڈ ٹی چیرمین سبرامنیم مہیندر اگروال ، رامیشور راؤ ، جگپتی راؤ مائی ہومس کے علاوہ بی جے پی قائدین کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ سائبر آباد کمشنر سندیپ شنڈالیہ ، شمس آباد ڈی سی پی پدمجا ریڈی کی نگرانی میں پولیس کا بھاری بندوبست کیا گیا ۔۔

TOPPOPULARRECENT