Monday , December 11 2017
Home / شہر کی خبریں / تعلیم کا سیکولر مزاج برقرار رکھنے پر زور

تعلیم کا سیکولر مزاج برقرار رکھنے پر زور

قومی سالمیت کمیٹی کی یوم اساتذہ تقریب ، اتم کمار و دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔/6ستمبر، ( پریس نوٹ ) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر اتم کمار ریڈی نے تعلیم کو بھگوا رنگ دینے کی کوششوں پر تشویش اور تنقید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ  قوم کے معمار ہوتے ہیں اور تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی کی بنیاد فراہم کرتی ہے۔ چونکہ ہر مذہب اور ہر طبقہ کے لوگ تعلیم حاصل کرتے ہیں اس لئے تعلیم کو سیکولر ہونا چاہیئے، لیکن بدقسمتی ہے کہ موجودہ مرکزی حکومت تعلیم کو زعفرانی رنگ دینے کی کوشش کررہی ہے۔ وہ قومی سالمیت کمیٹی کے زیر اہتمام پرکاشم ہال گاندھی بھون میں ’ یوم اساتذہ ‘ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ یہ تقریب سابق صدر جمہوریہ بھارت رتن ایس رادھا کرشنن کے 127ویں یوم پیدائش کے موقع پر منعقد کی گئی تھی جس میں 50اساتذہ کو تہنیت پیش کی گئی۔ جناب محمد فاروق حسین ایم ایل سی نے قوم کی تعمیر نو میں اساتذہ کا رول واضح کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی ڈاکٹر غلطی کرتا ہے تو اس سے ایک شخص کو نقصان ہوتا ہے اور اگر ٹیچر غلطی کرتا ہے تو اس سے ایک نسل کو نقصان ہوتا ہے۔ اس سے سماج کی تعمیر نو میں استاد کی اہمیت کا اندازہ ہوتا ہے۔ صدر قومی سالمیت کمیٹی جناب ایس اے افضل الدین نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ اساتذہ کسی بھی قوم کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے قومی سالمیت کمیٹی کی سرگرمیوں کا تفصیلی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ قوم کی تعمیر میں جن شخصیتوں نے نمایاں رول ادا کیا ہے کمیٹی ان کی یاد کو تازہ رکھنے کیلئے وقتاً فوقتاً تقاریب کا اہتمام کرتی ہے اور تعلیمی مقابلوں کا اہتمام کرتی ہے۔ کمیٹی بلا لحاظ مذہب و ملت سب کو ساتھ لے کر چلتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کی گنگا جمنی تہذیب کو برقرار رکھنے کیلئے سبھی کو مل جل کر جدوجہد کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کے اتحاد کو برقرار رکھنے اور اس کو مضبوط و مستحکم بنانے کیلئے فسطائی قوتوں کا منہ توڑ جواب دینا ہوگا۔ شریمتی این شاردا صدر مہیلا وبھاگ نے ڈاکٹر رادھا کرشنن کی خدمات کو خراج پیش کیا۔ ڈاکٹر ایم اے انصاری جنرل سکریٹری نے گرتے ہوئے تعلیمی معیار پر افسوس کا اظہار کیا۔ شریمتی لیلاوتی آرکیٹکٹ، جناب محمد ایوب شاد سکریٹری کرسپانڈنٹ جواہر کالج، جناب ارشد صدیقی پرنسپل گورنمنٹ کالج حسینی علم، جناب اعجازالزماں ، جناب مختار احمد فردین، جناب خواجہ غیاث الدین، جناب سید فصیح حسین، جناب محمد امجد اور جناب سید عمر نے بھی مخاطب کیا۔ اس موقع پر اساتذہ کے علاوہ مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والی شخصیتوں کو ایوارڈز اور اعزازات پیش کئے گئے۔ اس تقریب میں کملا نہرو پالی ٹیکنک، حسینی علم جونیر کالج، نامپلی ڈگری و جونیر کالج، ونیتا مہاودیالیہ، اسٹانلی ڈگری کالج اور دیگر تعلیمی اداروں کی طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ آخر میں محمد امتیاز نے شکریہ ادا کیا۔

TOPPOPULARRECENT