Sunday , January 21 2018
Home / ہندوستان / تعلیم کے نام پر معصوموں کے ذہن کو پراگندہ کیا جارہا ہے

تعلیم کے نام پر معصوموں کے ذہن کو پراگندہ کیا جارہا ہے

بنگال میں زعفرانی ایجنڈہ نہیں چلے گا، آر ایس ایس پر ممتا بنرجی کی تنقید
کلکتہ۔ 10جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے شمالی بنگال کے علی پور دوار ضلع میں بی جے پی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سیاسی جماعت کی بنیاد جھوٹ پر اور جھوٹ کے ذریعہ اپنے دائرہ کار کو وسیع کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ علی پور ضلع جسے گزشتہ سال ہی تشکیل دیا گیا ہے کیلئے وزیر اعلیٰ نے آج نئی کمپلیس عمارت ’’دوارس کنیا‘‘ کا افتتاح کیا۔ یہاں ضلع کے بیشتر دفاتر ہوں گے۔ چیف منسٹر ممتا بنرجی نے آر ایس ایس پر تعلیم کو زعفرانی کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ آر ایس ایس تعلیم کے نام پر بچوں کے ذہن و دماغ کوپراگندہ کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بنگال میں زعفرانی ایجنڈا نہیں چلے گا۔چیف منسٹر نے کہا کہ بنگال ہمیشہ سے سیکولرازم روایات کا امین رہا ہے اور آئندہ بھی رہے گا۔ چیف منسٹر ممتا بنرجی نے کہا کہ بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت بنگال سے سوتیلا سلوک کررہی ہے اور اس کی وجہ سے مرکزی فنڈ صحیح وقت میں نہیں مل رہا ہے۔چیف منسٹر نے بنگال کو کئی سال پیچھے کرنے کیلئے سی پی ایم کی قیادت والی سابقہ بایاں محاذ حکومت کو مورد الزام ٹھہراتے ہوئے کہا کہ سی پی ایم کے 34سالہ دور حکومت میں بنگا ل کی ترقی کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی اور ہم ان کے قرضوں کا بوجھ برداشت کررہے ہیں۔ اس موقع پر ممتانے علی پور ضلع انتظامیہ کے ساتھ میٹنگ کرکے ضلع میں جاری ترقیاتی پروجیکٹوں کا جائزہ لیا اور دودرجن نئے پروجیکٹوں کا افتتاح کیا۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے مختلف اسکیموں کے تحت بچوں اور بچیوں کے درمیان اسکالر شپ اور دیگر فنڈز بھی تقسیم کیا۔چیف منسٹر نے کہا کہ علی پور دوار کو نیا ضلع بنانے کا مقصد ترقیاتی پروجیکٹوں میں تیزی لانا ہے اور عوام کے مسائل کو جلد سے جلد حل کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ شمالی بنگال کو ریاست کا ترقی یافتہ علاقہ بنانے کی ہرممکن کوشش کررہی ہیں اور ہم کسی بھی علاقے کو نظر انداز نہیں کرتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT