Tuesday , July 17 2018
Home / Top Stories / تعلیم ہی غربت کا علاج ، بچوں کو اسکولس بھیجنے ماوؤں پر زور

تعلیم ہی غربت کا علاج ، بچوں کو اسکولس بھیجنے ماوؤں پر زور

قلندر نگر سنتوش نگر میں کپڑا بینک کی جانب سے مستحق خاندانوں میں ملبوسات کی تقسیم ،ڈاکٹر عسکر یاسمین صدیقی اور دوسروں کا خطاب
حیدرآباد ۔ 6 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : سیاست ملت فنڈ ، فیض عام ٹرسٹ اور ہیلپنگ ہینڈ ملت کی معاشی و تعلیمی ترقی کے لیے جو خدمات انجام دے رہے ہیں وہ نہ صرف تلنگانہ یا آندھرا پردیش بلکہ سارے ہندوستان کے لیے مثالی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار کینڈا سے آئی ہوئی ڈاکٹر عسکر یاسمین صدیقی نے قلندر نگر سنتوش نگر میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں کیا ۔ جو غریب خاندانوں میں ملبوسات کی تقسیم کے لیے منعقد ہوئی تھی ۔ واضح رہے کہ سیاست ملت فنڈ ، فیض عام ٹرسٹ اور ہیلپنگ ہینڈ نے شہر حیدرآباد میں دو سال قبل اپنی نوعیت کا منفرد کپڑا بینک قائم کیا اب تو مختلف علاقوں میں اس کی شاخیں بھی کام کررہی ہیں ۔ ڈاکٹر عسکر یاسمین صدیقی نے اپنا سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ دیکھ کر خوشی ہوئی ہے کہ کپڑا بینک بڑی ڈسپلن کے ساتھ کام کررہا ہے ۔ وہ تقریب میں ملبوسات کے حصول کے لیے آئی خواتین اور ان کے بچوں کے ڈسپلن کی بھی ستائش کی ۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر عسکر یاسمین صدیقی کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ خود پرانا شہر سے تعلق رکھتی ہیں ۔ انہیں اس بات کا اچھی طرح احساس ہے کہ غربت کیا ہوتی ہے ۔ غریب کو کس طرح جدوجہد کرنی پڑتی ہے ۔ ڈاکٹر یاسمین صدیقی نے ایک مرحلہ پر یہ بھی کہا کہ آج جو لوگ کپڑا بینک سے ملبوسات حاصل کررہے ہیں یا کپڑے لے رہے ہیں ۔ اللہ تعالیٰ انہیں جلد سے جلد دوسروں کو کپڑے دینے والا بنادے ۔ انہوں نے ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں اور روزنامہ سیاست کی ملی و قومی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ سیاست ملت کی معاشی و تعلیمی ترقی کے لیے جو کام کررہا ہے اس کی مثال سارے ہندوستان میں نہیں ملتی ۔ جب کہ فیض عام ٹرسٹ کے سکریٹری جناب افتخار حسین اور ہیلپنگ ہینڈ کے سربراہ ڈاکٹر شوکت علی مرزا کی خدمات بھی لائق ستائش ہے ۔ اس موقع پر منیجنگ ایڈیٹر سیاست جناب ظہیر الدین علی خاں اور جناب افتخار حسین نے اپنی تقاریر میں ماوؤں پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو پابندی سے اسکولس بھیجیں انہیں زیور علم سے آراستہ کرنے میں کوئی غفلت نہ برتیں کیوں کہ ماوؤں کے گودوں میں کھیلنے والے یہ بچے مستقبل میں قوم و ملت کی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے والے ہیں ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ اس تقریب میں ڈاکٹر عسکر یاسمین صدیقی اور دیگر مہمانوں کے ہاتھوں خواتین میں ملبوسات کے 300 جوڑوں کی تقسیم عمل میں آئی ۔ صدر نشین ہیلپنگ ہینڈ نے اپنے خطاب میں کپڑا بینک کے قیام اس کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ملت کی ترقی کے لیے سیاست ، فیض عام ٹرسٹ اور ہیپلنگ ہینڈ مل کر کام کررہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری ترقی اسی وقت ممکن ہے جب ہم تعلیم کی طرف راغب ہوں ۔ ایسے میں ملبوسات حاصل کرنے والے اسے وقتیہ مدد نہ سمجھیں بلکہ اپنے بچوں کی تعلیمی ضروریات کی تکمیل کے لیے بھی ہم سے مدد لیں ۔ سیاست ، فیض عام ٹرسٹ اور ہیپلنگ ہینڈ شہر اور اطراف و اکناف کی غریب بستیوں اور ہر گلی میں غریبوں اور مستحقین میں ملبوسات پہنچانے کا عزم رکھتے ہیں ۔ اس موقع پر انجینئر ذاکر صدیقی ، سید حیدر علی ، ڈاکٹر مخدوم محی الدین ، ڈاکٹر رضوان حیدر اور دوسرے بھی موجود تھے ۔ جناب افتخار حسین اور ڈاکٹر مخدوم محی الدین نے مقامی خواتین کو ان کے بچوں کی تعلیم میں ممکنہ تعاون کا تیقن دلایا اور کہا کہ تعلیم ہی غربت کا اصل علاج ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT