Friday , December 15 2017
Home / اضلاع کی خبریں / تعلیم یافتہ قوم کا مستقبل تابناک

تعلیم یافتہ قوم کا مستقبل تابناک

ورنگل میں سی ای ڈی ایم کتابوں کی تقسیم، مختلف افراد کا خطاب
ورنگل /3 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اہل علم افراد مقدس ہوتے ہیں، جن کے کردار و گفتار اور ان کے علم و فضل سے جہالت کے اندھیرے معدوم ہوتے ہیں اور علم و فضل کا جہاں آباد ہوتا ہے۔ علم کا دامن تھامنے والی قوموں کا مستقبل تابناک ہوتا ہے، جب کہ علم سخت محنت، جستجو اور لگن سے حاصل ہوتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار جناب محمد شرف الدین قائد ٹی آر ایس نے گورنمنٹ ہائی اسکول اردو میڈیم چنتل ورنگل میں مرکز تعلیمی ترقی برائے اقلیتی طبقات جامعہ عثمانیہ کے زیر اہتمام محکمہ اقلیتی بہبود و حکومت تلنگانہ کی جانب سے تیار کردہ جماعت دہم کے طلبہ میں ورک بکس کی تقریب تقسیم آوری سے اپنے صدارتی خطاب میں کیا۔ انھوں نے طلبہ سے اپیل کی کہ وہ ان کتابوں کا مطالعہ کرتے ہوئے اے گریڈ حاصل کریں۔ ہیڈ ماسٹر مدرسہ ہذا ایم مرلی نے کہا سی ای ڈی ایم کے ورک بکس طلبہ کے لئے کسی نعمت سے کم نہیں۔ اس بک سے دسویں جماعت میں کامیابی کے تناسب اور خود اعتمادی میں اضافہ ہوگا۔ جناب محمد یوسف اسکول کمیٹی ممبر و موظف اے سی او پرکال نے اپنے خطاب میں وقت کی پابندی، ٹی وی اور انٹرنیٹ سے اجتناب کا مشورہ دیا اور طلبہ کو سخت محنت اور کامیابی کو اپنا مقدر بنالینے کی تلقین کی۔ اس جلسہ سے مسرز محمد غوث، محمد محمود، محمد عبد الستار اور محمد شرف الدین محمودی نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر طلبہ میں ورک بکس کی تقسیم مہمانان کے ہاتھوں عمل میں آئی۔ جناب محمد یوسف خان نے جلسہ کی کارروائی چلائی اور اظہار تشکر کیا۔

TOPPOPULARRECENT