Wednesday , November 22 2017
Home / ہندوستان / تقریب حلف برداری پر فضول اخراجات نہیں ‘ امریندر

تقریب حلف برداری پر فضول اخراجات نہیں ‘ امریندر

چندی گڑھ 13 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) یہ واضح کرتے ہوئے کہ پنجاب میں معاشی مسائل ہیں منتخب چیف منسٹر امریندر سنگھ نے آج فیصلہ کیا ہے کہ وہ کفایت شعاری کے طور پر اپنی حلف برداری تقریب سادہ سی منعقد کرینگے ۔ پنجاب کانگریس کے ایک بیان میں امریندر سنگھ کا یہ کہتے ہوئے حوالہ دیا گیا کہ راج بھون میں جمعرات کی صبح تقریب حلف برداری کیلئے کوئی بڑی تقریب منعقد نہیں کی جائیگی ۔ گورنر پنجاب وی پی سنگھ کیپٹن امریندر سنگھ اور ان کے کچھ ساتھی وزرا کو حلف دلائیں گے ۔ 75 سالہ امریندر سنگھ سی ایل پی لیڈر اور پنجاب پردیش کانگریس کے صدر ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ چونکہ ریاست کی معاشی حالت انتہائی نازک ہے ایسے میں وہ نہیں اچہتے کہ کوئی غیر ضروری اخراجات تقریب حلف برداری پر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ریاست کو معاشی بحران سے باہر نکالنے کے عہد کے پابند ہیں۔ انہوں نے تمام نو منتخب ارکان اسمبلی سے بھی خواہش کی کہ وہ کم سے کم شخصی دعوت نامے دیں تاکہ حلف برداری کی تقریب کو انتہائی سادہ بنایا جائے ۔ انہوں نے اپنے حامیوں سے بھی کہا کہ وہ بھی اسی طرح کا رویہ اختیار کریں اور چندی گڑھ کی سڑکوں کو جام نہ کریں تاکہ عوام کو کوئی تکلیف ہونے نہ پائے ۔

TOPPOPULARRECENT